لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں لاہور اور سیالکوٹ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ لاہور لائنز کے ہاتھوں شکست پر شعیب ملک کو مایوسی ہوئی جبکہ احمد شہزاد نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو دورہ بھارت سے قبل خوش آئند قرار دیا۔ قذافی سٹیڈیم میں میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر شکست کے بعد مایوسی ضرور ہوتی ہے لیکن آنے والا دن نئی امید کا پیغام لے کر آتا ہے۔ ہماری ٹیم اچھا کھیلی لیکن عبدالرزاق نے میچ وننگ اننگز سے میچ کا نقشہ پلٹ دیا۔ اس طرح کے میچز سے بھارتی سیریز سے قبل کھلاڑیوں کو اچھی پریکٹس ملی جس کا کریڈٹ پی سی بی کو دینا چاہئے۔ شعیب ملک نے کہا کہ ٹی ٹونٹی میں بڑے ناموں کی بجائے فائٹر کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے اگر ہمارے پاس رضا حسن اور عبدالرحمان ہوتے تو ہماری پوزیشن بہتر ہوتی۔ پاکستان بھارت سیریز کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ سیریز کوئی بھی پرفارمنس کا دباﺅ رہتا ہے اور میری کوشش ہوتی ہے کہ توقعات پر پورا اُتروں۔