محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے تاہم کشمیراورگلگت بلتستان بادل چھائے رہنے اور میں چند ایک مقامات پرہلکی بارش اورپہاڑوں پر ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بوندا باندی اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔ استور کے بھی نشیبی اور بالائی علاقوں میں برف باری ہورہی ہے۔دیامر کے بالائی پہاڑی علاقوں بابو سرٹاپ اور بٹوگاہ ٹاپ پر برف باری جاری جبکہ چلاس میں موسم ابر آلود ہے۔ آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملتان دس، فیصل آباد اور لاہور میں آٹھ، پشاور سات، اسلام آباد اور مظفرآباد میں پانچ، مری منفی دو، کراچی اٹھارہ، حیدرآباد پندرہ، کوئٹہ ایک اور گلگت منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔