امریکہ سے دشمنی نہیں، اسلام دشمن پالیسیوں کیخلاف ہیں: منور حسن

لاہور (ثناء نیوز) امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ اسلامی تحریکوں کی امریکہ نامی ملک سے کوئی دشمنی نہیں۔ ہم پینٹاگون اور وائٹ ہائوس کی اسلام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہیں۔ امریکہ ایسا اسلام چاہتا ہے جس کے ماننے والے مشرف، زرداری اور نواز شریف کی طرح اس کی حاکمیت کو دل و جان سے قبول کر لیں۔ غیرمسلموں کی طرف سے دنیا کو اسلام کی روشنی سے دور رکھنے کے لئے اسلام اور پیغمبر اسلامؐ کی اہانت کی جاتی ہے اور قرآن پاک نذر آتش کیا جاتا ہے۔ امریکہ نے دہشت گردی کو مسلمانوں کے ساتھ نتھی کر دیا ہے۔ غیر مسلم، درجنوں لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد بھی نفسیاتی مریض قرار پاتا ہے۔ مسلم لیگ ن اس انتظار میں ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری ریٹائر ہو جائیں تو اسے اپنی من مانیاں کرنے کا موقع ملے۔ جماعت اسلامی کی خواتین بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گی۔کراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف ایک ہی نشان پر الیکشن لڑیں گی۔ معاشرتی اصلاح اور قومی ترقی میں خواتین کا بنیادی کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی پنجاب کی ناظمات کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امریکہ نے عراق اور افغانستان میں لاکھوں ٹن بارود استعمال کر کے مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ ان کے ظلم و بربریت سے ہلاکو اور چنگیز خان کی روحیں بھی کانپ اٹھیں لیکن اس کے باوجود امریکہ خود کو دنیا کی واحد سپر پاور منوانے میں ناکام رہا۔ منور حسن نے کہا عوام کو بدترین معاشی مسائل کی چکی میں پیسا جا رہا ہے۔ عام آدمی کے لئے اپنے خاندان کا پیٹ پالنا مشکل ہو چکا ہے جگہ جگہ بھوکے شیر بیٹھے ہیں جو عوام کو ہڑپ کر جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ اسلامی انقلاب کا عَلم لے کر اٹھے ہیں، انہیں سیکولر قوتوں اور طاغوت کی سازشوں کو سمجھنا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن