پشاور(ثناء نیوز)تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا دھرنا نیٹو سپلائی نہیں بلکہ ڈرون حملوں کے خلاف ہے دھرنا ختم کرنے کی خبریں درست نہیں فی الحال دھرنا جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات آباد دھرنا کیمپ میں دھرنے کے 15ویں روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ خالد مسعود نے کہا کہ امریکہ نے دھرنے کی وجہ سے خیبر پی کے کے راستے سپلائی بند کرنے کا اعلان کیا اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس اقدام سے ہم نے بڑا مقصد حاصل کر لیا۔ دھرنا دراصل ڈرون حملوں کی بندش کیلئے تھا اس حوالے سے گزشتہ روز بھی اتحادیوں کا اجلاس ہوا جبکہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا کہ ڈرون حملوں کیخلاف احتجاج کو کیسے مزید موثر بنایا جائے اور امریکہ کو ڈرون حملے روکنے پر مجبور کیا جا سکے۔ کوئی بھی فیصلہ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کریگی۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما بھی موجود تھے۔ دریںاثناء خیر آباد پل ،ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں بھی تحریک انصا ف کے کارکنان کا دھرنا بدستور جاری ہے۔ جس میں بڑی تعداد میں کارکن شریک ہو رہے ہیں۔
ڈرون حملوںکیخلاف دھرنا ختم نہیں کر رہے ، جاری رہے گا،تحریک انصاف
Dec 08, 2013