کراچی (سٹاف رپورٹر) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان آزمائشوں، پیچیدہ عالمی حالات، سیاسی بے چینی اور عسکریت پسندی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عدم استحکام کے باوجود روشن امکانات کی دہلیز پر آپہنچا ہے۔ کراچی میں مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے 30 ویں کارپوریٹ ایکسی لینس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان تیسری دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت ہے جس میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔ پاکستان کی اس غیر معمولی صورت حال کے پس منظر میں کارپوریٹ مینجمنٹ کے جدید رجحانات کو اختیار کرنا اور بھی ناگزیر ہے۔ کارپوریٹ اداروں کو کبھی کبھی کم وسائل کے ساتھ مسابقت کی فضا میں اپنا وجود برقرار رکھنے اورکارکردگی میں مسلسل اضافے کے چیلنج کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حال ہی میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات بڑے اعتماد سے عوام تک منتقل کیے ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت کو اپنی پالیسیوں پر بھی اعتماد ہے، یہ بھی یقین ہے کہ وہ اپنی ضروریات اور خسارے اپنی کامیاب معاشی حکمت عملی کے ذریعے پورے کرلے گی۔ ہمارا خطہ سیاسی تبدیلیوں کا مرکز بھی بن رہا ہے۔ غیر ملکی افواج طویل مدت کے بعد افغانستان سے نکلنے والی ہیں۔ روس ہماری طرف متوجہ ہورہا ہے۔ یہ سب اچھے امکانات ہیں، ہمیں بحیثیت قوم اور خاص طور پر کارپوریٹ سیکٹر کو ان امکانات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ملک میں بدامنی، عدم استحکام اور دیگر مسائل کا حل معیشت اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع ہیں۔ اقتصادی مسائل پر قابو پانے کے لئے جو پالیسی اختیار کی گئی ہے اس کے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں۔
صدر ممنون
آزمائشوں‘ عدم استحکام کے باوجود پاکستان روشن امکانات کی دہلیز پر آ پہنچا : صدر
Dec 08, 2014