کابل (این این آئی+اے ایف پی) افغانستان میں پولیس ہیڈکوارٹرز پر خودکش کار بم حملے میں کم ازکم 12افرادجاں بحق ہوگئے ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع سرخورود زورداردھماکے سے لرزاٹھا جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالوں میں سویلین اور پولیس اہلکار شامل ہیں، 9زخمی ہوئے ہیں ۔ مقامی حکام نے بتایاکہ ضلعی حکومت کے کمپائونڈ کے قریب ایک خودکش بمبار نے بارودسے بھری کار داخلی گیٹ سے ٹکرا دی۔ سکیورٹی حکام کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح 6بج کر 10منٹ پر دھماکہ ہوا۔ آخری اطلاعات تک طالبان سمیت کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔