بلدیاتی انتخابات میں شکست ، پی ٹی آئی کراچی کے آرگنائزر علی زیدی ،عارف علوی مستعفی ق لیگ سندھ کے صدر نے بھی استعفیٰ دے دیا

کراچی+ لاہور (نیوز رپورٹر+خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد پاکستان تحریک انصاف کراچی کے آرگنائزر علی زیدی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جبکہ عارف علوی نے بھی بطور آرگنائزر سندھ اپنا استعفیٰ پارٹی کو بھیج دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست کے بعد تحریک انصاف سندھ کے آرگنائزر عارف علوی اور کراچی کے آرگنائزر علی زیدی اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ دونوں نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو بھیج دیئے ہیں۔ تاہم تاحال ان استعفوں کو منظور نہیں کیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق پیر کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی مرکزی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجوہات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر علی زیدی اور عارف علوی نے پارٹی قیادت کو استعفوں کی پیشکش کی اور کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں (ق) لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ صوبائی صدارت اور بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو گئے۔ گذشتہ روز حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ انہوں نے پارٹی کی صدارت اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین کو تحریری طور پر بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کو پارٹی کی قیادت سے کوئی شکایت ہے اور نہ ہی ان کے کوئی ذاتی اختلافات ہیں۔ کچھ سیاسی ناگزیر وجوہات پر پارٹی سے استعفیٰ دیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے حلیم عادل شیخ کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق ق لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ صوبائی صدارت اور بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو گئے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا ان کو پارٹی کی قیادت سے کوئی شکایت ہے اور نہ ہی ان کے کوئی ذاتی اختلافات ہیں، کچھ سیاسی ناگزیر وجوہات پر پارٹی سے استعفیٰ دیا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے حلیم عادل شیخ کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن