لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے انقرہ میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں قومی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے ملاقات کے دوران ترک صدر کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں حکمران جماعت کی کامیابی ترکی کے عوام کی طرف سے آپ کی قیادت اور حکومت کی کارکردگی پر غیرمشروط اعتماد کا اظہار ہے۔ اس کامیابی میں ترکی کے عوام کی حمایت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے عوام کی دعائیں بھی شامل ہیں۔ میںآپ کیلئے پاکستان کے عوام کی طرف سے مبارکباد اور تہنیت کا پیغام لے کر آیا ہوں۔ گزشتہ 13 برسوں کے دوران ترکی نے جو قابل قدر ترقی کی ہے وہ دوسرے ملکوں کے لئے لائق تقلید ہے۔ اہل پاکستان کے دل ترکی میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر غم زدہ ہیں۔ پاکستان میں کئی شعبوں میں ترکی کے تعاون سے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ترکی دوسرے شعبوں خصوصاً انرجی میں بھی پاکستان کے ساتھ اسی طرح تعاون کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکی نے ہر آڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پنجاب کے عوام 2010ء کے سیلاب کے دوران ترک قیادت‘ تاجروں اور عوام کے جذبہ ایثار کو نہیں بھول سکتے۔ پنجاب کے دیہات میں 20 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیرومرمت کے عظیم منصوبے میں ترک کمپنیوں کو خوش دلی کے ساتھ خوش آمدید کہیں گے۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہ ترکی پاکستان کو اپنا بہترین دوست سمجھتاہے اور ترکی کی حکومت اور ترک عوام وزیراعلیٰ محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو پھلتے پھولتے اور آگے بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ترکی کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ آپ کے مسائل ہمارے مسائل اور آپ کی خوشیاں ہماری خوشیاں ہیں۔ ہمارے وسائل پر آپ کا پورا حق ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ کسی بھی شعبے میں تعاون پر ہر وقت آمادہ اور تیار ہیں۔ صدر ترکی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں شہبازشریف جیسا محنتی اور دیانتدار لیڈر ملا۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ترکی کے وزیراعظم احمد دائود اوگلو سے بھی انقرہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلی نے ترک وزیراعظم کو نومبر میں ہونے والے الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں کامیابی ترکی کی قیادت کی 11سالہ عوامی خدمات کی مظہر ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاک ترک تعلقات کی مثال قوموں کی تاریخ میں کم ملتی ہے۔ ترکی کے وزیراعظم نے بھی پاکستانی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر وزیراعلی کو مبارکباد دی اور کہا کہ لوکل باڈیز کے نظام کو بہتر اور مستحکم بنانے کے لئے پاکستان کو اپنے تجربات میں شریک کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ترک وزیراعظم اوگلو نے کہاکہ ترک حکومت کم وسیلہ لوگوں کے لئے کم لاگت کی ہاؤسنگ سکیم کی منصوبہ بندی کے لئے وفد پنجاب بھجوائے گی کیونکہ پاکستان کے شہروں کی ترقی و خوشحالی ترکی کی خوشحالی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے استنبول میں میئر قادر توباش سے بھی ملاقات کی جس میںصوبہ پنجاب میں شہری سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے تعاون پر بات چیت ہوئی۔ میئر استنبول قادرتوباش نے وزیراعلی محمدشہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوںکے حوالے سے پنجاب درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اورصوبہ میں شہری سہولتوں کی فراہمی کے ضمن میں بہتری دیکھی جاسکتی ہے۔ دونوں راہنماؤں نے پینے کے صاف پانی، سفری سہولیات، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ہارٹیکلچر کے شعبوںمیںتعاون مزید بڑھانے پر اتفاق بھی کیا۔ مزید برآںشہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف شعبوں میں ترکی کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے تاہم دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کے تناظر میں ان دونوں کے درمیان ہونے والی تجارت کے حجم میں اضافے کی ضرورت ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں ترکی کے شہر انقرہ میں ممتاز سرمایہ کاروں‘ نجی اور سرکاری اداروں کے سربراہوں اور برآمد کنندگان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی قلت کا مسئلہ ایک عارضی مسئلہ ہے اور ہم انشاء اللہ 2017ء کے آخر تک اس مسئلے پر قابو پا لیں گے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے فیروزوالا کے علاقہ راجپوت ٹائون میں 3 سالہ بچی کے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، ہر شعبے میں تعاون کے لئے تیار ہیں: طیب اردگان ترکی نے ہر آڑے وقت میں ساتھ دیا: شہباز شریف
Dec 08, 2015