دبئی+ کراچی (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کے نام پر مذاق کا سلسلہ بند کیا جائے، طاقت کے ذریعے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ اُلجھتے ہیں، امن کیلئے جمہوری عمل آگے بڑھنا چاہئے۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں آصف زرداری نے کہا کہ مسائل کا سیاسی حل ہی کارگر ہوتا ہے۔ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے جمہوری عمل کو آگے بڑھنا چاہئے۔ صرف منتخب حکومت ہی کراچی میں امن قائم کر سکتی ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ پاور بروکرز نے پی پی کیخلاف سازش کے ذریعے کراچی کے مسائل کو بنیاد بنایا، پیپلزپارٹی کی 2حکومتوں کا خاتمہ بہانہ تھا۔ مزید برآں شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے منظور وسان کو دبئی طلب کر لیا۔ ملاقات میں بدین اور لیاری میں شکست کی وجوہات اور پارٹی عہدیداروں کی تبدیلی پر بات ہو گی۔ منظور وسان کی دبئی طلبی کا تعلق ان کے داماد کے حوالے سے بات کرنے سے بھی ہے۔ منظور وسان اپنے داماد شیریار وسان کو چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل بنانا چاہتے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے بھانجے فیض شاہ ضلعی چیئرمین کے مضبوط امیدوار ہیں۔
طاقت سے مسائل مزید الجھتے ہیں، کراچی میں امن کے نام پر مذاق بند کیا جائے: زرداری
Dec 08, 2015