کراچی (نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی آپریشن کو غیر سیاسی اور بلاامتیاز قرار دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی آپریشن غیر سیاسی اور بلا امتیاز ہے اور یہ جاری رہے گا، آپریشن کے باعث کراچی کی سکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، سکیورٹی صورتحال میں بہتری بے شمار قربانیوں کا نتیجہ ہے، اسے بگڑنے نہیں دینگے۔ دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو توڑ دیا گیا، آپریشن کے مثبت نتائج کیلئے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ آپریشن دہشت گردوں، ان کی حمایت کرنے والوں اور سہولت کاروں کے خلاف ہے، اس عمل کی واپسی کی اجازت نہیں دی جا سکتی کامیاب آپریشن اور پائیدار امن کے لئے وفاق اور صوبائی حکومتوں میں مزید تعاون ہونا چاہیے، آپریشن دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف ہے کراچی آپریشن کسی سیاسی پارٹی کے خلاف نہیں کیا جا رہا، فورسز کی کارروائیوں سے سہولت کاروں اور دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی‘ اجلاس میں ملکی سلامتی‘ سکیورٹی اور کراچی آپریشن سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، آرمی چیف نے کراچی میں قیام امن کیلئے فوج، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ کیا اور کراچی میں سکیورٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، اس موقع پرکور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ نے انہیں کراچی میں سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف کی زیر صدارت اجلا س میں ڈی جی رینجرز، ڈی جی آئی ایس آئی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی۔ آرمی چیف کا کراچی میں امن و امان کیلئے فوج، رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن سے کراچی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کراچی میں پر امن انتخابات کروانے پر فوج اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن کی وجہ سے امن امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کا پرامن انعقاد ممکن ہوا۔ اجلاس میں شرکت کے بعد آرمی چیف نے گاڑی کے شیشے نیچے کر کے سفر کیا۔ اجلاس میں شرکت کے بعد جب آرمی چیف گورنر ہائوس سے روانہ ہوئے تو انہوں نے گاڑی کے شیشے نیچے کر کے سفر کیا، اس دوران کور کمانڈر کراچی ان کے ساتھ تھے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے ملاقات کی، افغانستان سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، رچرڈ اولسن نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تعریف کی۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق رچرڈ اولسن نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔رچرڈ اولسن کا جو کہ ماضی میں پاکستان میں امریکی سفیر کے طورپر خدمات انجام دے چکے ہیں، پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جی ایچ کیو کا پہلا دورہ کیا۔