اسلام آباد (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی و ترقیات نے رواں مالی سال 2015-16ء کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی کاموں کیلئے مجموعی طورپر 2 کھرب 38 ارب 29 کروڑ 27 لاکھ 27 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کیلئے 7 کھرب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے واپڈا (پاور) سیکٹر کیلئے 53 ارب 63 کروڑ 79 لاکھ، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کیلئے 29 ارب 31 کروڑ 65 لاکھ، پانی و بجلی ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کیلئے 10 ارب 59 کروڑ 48 لاکھ، سیفران/فاٹا کیلئے 6 ارب 65 کروڑ 37 لاکھ، گلگت بلتستان بلاک کیلئے 4 ارب 41 کروڑ، اے جے کے بلاک کیلئے 4 ارب 61 کروڑ 85 لاکھ، ریلویز ڈویژن 7 ارب 81 کروڑ، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کیلئے 5 ارب 95 کروڑ، ملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کیلئے 6 ارب 91 کروڑ، داخلہ ڈویژن کیلئے 3 ارب 33 کروڑ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے 18 ارب 69 کروڑ سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن ایک خاص طریقہ کار کے تحت مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کو فنڈز جاری کر رہا ہے۔
وزارت منصوبہ بندی نے ترقیاتی پروگراموں کے لئے2 کھرب38 ارب کے فنڈز جاری کر دئیے
Dec 08, 2015