کرنسی سمگلنگ کیس ، ایان علی کے خلاف سماعت آج ہوگی، پاسپورٹ حوالگی کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

Dec 08, 2015

راولپنڈی، اسلام آباد (اے پی پی+وقائع نگار )انسداد سمگلنگ ‘کسٹمز کی خصوصی عدالت کے جج رانا آفتاب احمد کی عدالت میں غیر ملکی کرنسی سمگلنگ کے مقدمے میں ملوث ایان علی کے خلاف استغاثہ کی شہادتیں ریکارڈ کرنے کے لیے سماعت آج ہوگی ‘فرد جرم عائد ہونے کے بعد پہلی سماعت میں استغاثہ کے گواہان کو شہادت کے لیے عدالت نے طلب کر رکھا ہے ۔فرد جرم عائد کرنے کے بعد ایان علی کی جانب صحت جرم سے انکار پر خصوصی عدالت نے کسٹمز تفتیشی ٹیم کو شہادتیں ریکارڈ کرانے کا حکم دیا تھا ۔دوسری طرف کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو پاسپورٹ حوالے کرنے کے عدالتی فیصلے کو کسٹم حکام نے عدالت عالیہ میں چیلنج کردیا ہے، کسٹمز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں موقف اختیار کیا کہ مبینہ سمگلر حسینہ کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا ایان علی کو دیا گیا پاسپورٹ واپس لیا جائے کیونکہ پاسپورٹ کرنسی سمگلنگ کیس کا اہم ثبوت ہے ایسا نہ ہو ملزمہ اسے ضائع کر کے مقدمے کے شواہد ختم کردے۔ رجسٹرار آذفس کی طرف سے کسٹم حکام کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے لئے آج فکس کیا گیا ہے۔
ایان علی

مزیدخبریں