لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے ٹریفک حادثے میں سکول ٹیچر کی ہلاکت کے ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست کی سماعت میں قرار دیا ہے کہ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنے والے افراد کو کیسے رعایت دی جا سکتی ہے ، ون وے کی خلاف ورزی کرنا سرعام موت کو دعوت دینے کے برابر ہے۔ سپریم کورٹ رجسٹری میں دو رکنی بنچ نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق سکول ٹیچر شہناز سعید کے شوہر سعید احمد کی طرف سے ملزم رانا اویس کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ مدعی سعید احمد کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تفتیش میں یہ ثابت ہو ا ہے کہ جائے وقوعہ کے وقت ملزم ون وے کی خلاف ورزی کر رہا تھا اور اسکے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا مگر اس کے باوجود ہائیکورٹ نے حقائق کے خلاف ملزم کی ضمانت منظور کی ہے لہذا ملزم کی ضمانت منسوخ کی جائے، یہ مقدمہ ٹریفک حادثے کے نہیں بلکہ قتل کے زمرے میں آنا چاہئے۔ عدالت نے ملزم رانا اویس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
سپریم کورٹ
ون وے کی خلاف ورزی موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے: سپریم کورٹ
Dec 08, 2015