لاہور (خبرنگار) ملک کے دونوں بڑے صوبوں پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہونے اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج شامل کیے جانے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے اپنے تمام حریفوں پر برتری حاصل کر لی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب، سندھ اور اسلام آباد میں مجموعی طور پر 3507 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ آزاد امیدواروں نے 3327، پیپلز پارٹی نے 2434، تحریک انصاف نے 920، ایم کیو ایم نے 260 نشستیں حاصل کی ہیں۔ مسلم لیگ ن نے پنجاب میں بھرپور کامیابی حاصل کی ہے۔ صرف رحیم یار خان میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے مخدوم احمد محمود کی سربراہی میں ضلع کونسل جیت لی ہے۔ پیپلز پارٹی نے اندرون سندھ میں بھرپور کامیابی حاصل کی ہے مگر ایم کیو ایم اندرون سندھ میں اپنے مخصوص علاقوں اور کراچی میں پی پی پی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی سمیت سب کو ہرا کر کراچی کا تاج سر پر سجانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ تیسرے مرحلے میں پنجاب میں مسلم لیگ (ن) 1069، آزاد امیدوار 968، تحریک انصاف 264، پیپلز پارٹی 110 اور مسلم لیگ (ق) نے 25 نشستیںحاصل کی ہیں۔ تیسرے مرحلے میں سندھ میں کراچی ڈویژن کے 6اضلاع میں ایم کیو ایم 139، پیپلز پارٹی 21، تحریک انصاف 8 جماعت اسلامی 11، آزاد امیدوار 10، مسلم لیگ ن 4 اور راہ حق پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کی ہیں۔ اسلام آباد میں 50 یونین کونسلوں میں مسلم لیگ (ن) 20، تحریک انصاف 16 اور آزاد امیدوار 14 نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے۔
بلدیاتی الیکشن
”بلدیاتی الیکشن“ مسلم لیگ ن نے پنجاب، سندھ، اسلام آباد میں 3507 سیٹیں جیت لیں
Dec 08, 2015