پھالیہ+ ستگھرہ + گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) گھریلو جھگڑوں پر پھالیہ میں نوجوان‘ ستگھرہ اور گوجرانوالہ میںدو خواتین نے خودکشی کرلی۔ تھانہ پھالیہ کے علاقہ مٹمل کے رہائشی اٹھارہ سالہ نوجوان محمد اویس ولد محمد انار نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے کی وجہ سے پسٹل سے فائر مارکر خودکشی کر لی۔ ستگھرہ سے نامہ نگار کے مطابق اوکاڑہ کے نواحی گائوں بہادر نگر فارم کی رہائشی خاتون اللہ معافی زوجہ بابر کا اپنے گھر والوں سے مبینہ طور پر کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس پر اس نے دلبرداشتہ ہوکر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں جس کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دم توڑ گئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق واہنڈو کے رہا ئشی خلیل کی دو بیٹیوں سونیا اور صوبیہ کی شادی پانچ سال قبل گائوں ہی کے رہائشی دو سگے بھائیوں جاوید اور اعجاز کے ساتھ ہوئی تھی، سونیا کے اولاد نہ ہو نے پر اسکا اکثر اپنے شو ہر اعجاز کے سا تھ جھگڑا رہتا تھا اعجاز نے سونیا کو گزشتہ روز طلا ق دیکر میکے بھجوا دیا جہاں پر دلبرداشتہ ہو کر سونیا اوراسکی والدہ عشرت بی بی نے زہریلی گولیاں کھا لیں، جس کے نتیجے میں سو نیا جاں بحق ہو گئی جبکہ عشرت بی بی کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اُسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔