قطر نے اپنے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے فرانس کے ساتھ 12 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کے معاہدے پر دستخط کر دیئے

Dec 08, 2017

دوحا (اے ایف پی) سعودی عرب سمیت 6 خلیجی ممالک کے بائیکاٹ کے سبب مشکلات میں گھرے قطر نے اپنے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے فرانس کے ساتھ 12 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس سودے کی مالیت ایک ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔ یہ اقدام فرانسیسی صدر میکرون کے دورے پر سامنے آیا۔ دوحا کو ایک اور آپشن دیا گیا ہے کہ وہ مزید 36 جیٹ طیارے خرید سکے گا۔ ادھر قطر ایئرویز نے اعلان کیا 6.4 ارب ڈالر کے 50 مسافر طیارے بھی خریدیں گے۔ جبکہ فٹ بال ورلڈ کپ 2022ءمیں استعمال ہونیوالی دوحا میٹرو کے آپریشن اور مرمت کیلئے بھی دونوں ممالک میں 3.5 ارب ڈالر کا الگ سے معاہدہ ہوا ہے۔ یہ سمجھوتے امیر قطر اور فرانسیسی صدر میکرون کی موجودگی میں ہوئے ہیں۔ قطر نیکسٹر کمپنی سے 490 وی بی سی آئی بکتربند گاڑیاں خریدے گا، مالیت 1.7 ارب ڈالر ہے۔ امیر قطر شیخ تمیم نے فرانس کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا سعودیہ اور خلیجی ممالک کے ساتھ تنازع مذاکرات سے حل کیا جائے لیکن اپنی سالمیت اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ میکرون نے زور دیا کویت کی ثالثی سے تنازعہ حل کیا جائے۔ امیر قطر نے پھر کہا اگر بھائی چاہتے ہیں تو جھگڑا ختم کرنے پر تیار ہیں۔ حل ایسا ہو جو تمام فریقین کیلئے قابل قبول ہو۔

مزیدخبریں