لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی کا کہنا ہے کہ ہم لیسکو کو حادثات سے مبرا کمپنی بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سال 2017-18ء کو حفاظت کے وعدے کے سال کے طور پر شروع کیا تھا ۔حادثات کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی مگر لیسکو میں ایک بھی حادثے کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ بات ریجنل ٹریننگ سینٹر میں افسران کے لیئے منعقدہ ایک روزہ ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کہی ۔دریں اثناء ایک اور تقریب میں چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی نے کہا کہ اوور بلنگ کے خاتمے کے لیئے نئی ایس ایم ایس سروس کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والے میٹر ریڈرز کو انعامات اور سرٹیفیکیٹس دینے جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے میٹر ریڈرز کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 16لاکھ صارفین کے موبائل فون نمبر رجسٹر کیئے جا چکے ہیں جبکہ دسمبر میں 100فیصد نمبر رجسٹریشن کا ہدف دیا گیا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی نے لیسکو صارفین پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اپنا یا گھر کے سربراہ کا موبائل نمبر لیسکو کے متعلقہ میٹر ریڈنگ سٹاف کے طلب کرنے پر رجسٹر کروائیں ۔