لاہور(اپنے نامہ نگار سے)سیشن کورٹ میں مشہور فلم مولا جٹ پارٹ ٹو بنانے پر مصنف، اداکار فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان سمیت دیگر کاسٹ پر اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔فاضل عدالت نے ایس ایچ اوملت پارک سے رپورٹ طلب کر لی۔ مولا جٹ فلم کے مالک سرور بھٹی نے مولا جٹ پارٹ ٹو کے پروڈیوسر سمیت دیگر اداکاروں پر اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ فلم مولا جٹ انکی ملکیت ہے جس کا سنسر سرٹیفکیٹ مرکزی سنسر بورڈ اسلام آباد سے جاری ہواجبکہ حکومت پاکستان کی طرف سے جاری شدہ سنسر سرٹیفکیٹ بھی موجود ہے۔ مولا جٹ فلم کا نام، کہانی، کرداروںکے نام،عکس بندی، موسیقی بیک گراﺅنڈ سب میری ملکیت ہیں، جبکہ مصنف ناصر ادیب نے مولا جٹ کے حقوق بلال لاشاری اور عمارہ کو غیر قانونی طور پر فروخت کر دئیے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی ہے کہ دھوکہ دہی، جعل سازی اور غیر قانونی طور پر میرے حقوق فروخت کرنے پر مصنف اور فلم کی کاسٹ پر مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے تھانہ ملت پارک سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔
فلم ”مولا جٹ پارٹ ٹو“ ٹیم کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست
Dec 08, 2017