امریکی صدر کا اعلان مسلم دنیا اور فلسطین کیخلاف گھناؤنی سازش ہے‘ مولانا امیر زمان

اسلام آباد (خبر نگار ) جمیعت علماء اسلام (ف) بلوچستان کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ اعلان کی شدید مزمت کی ہے اور فلسطینی عوام کیلئے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکی صدر کا مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت ماننے کا اعلان مسلم دنیا اور فلسطینیوں کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کو جمیعت علماء اسلام (ف) نہیں مانتی کیونکہ اس اعلان سے فلسطین میں امن کی بجائے آگ بھڑکے گی۔ امریکی صدر ٹرمپ دنیا میں ڈیموکریسی کا علمبردار بنتا ہے۔ لیکن ہر فیصلہ ڈیموکریسی کے منہ پر تمانچہ ہے۔ اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ ٹرمپ دنیا بھر کے مسلمانوں کا سب سے بڑا دشمن ہے اور ڈنڈے کے زور پر فلسطینیوں کے حق خودارادیت کو دبانا چاہتا ہے۔انھوںنے کہا کہ جمیعت علماء اسلام (ف) دنیا بھر میں ہر فورم پر فلسطینیوں کے حق خودارادیت کیلئے سیاسی اور اخلاقی اور روحانی حمایت جاری رکھے گی۔مسلمانوں کو ہوش کے ناخن لینا چاہیئے کہ اب تو سب کچھ واضح ہو گیاہے، جو کہ جمیعت علماء اسلام پہلے کہتی تھی کہ یہودو نصاریٰ مسلمانوں کے دوست کبھی نہیں ہو سکتے ۔ جو کہ آسمانی فیصلہ ہے اس پر یقین کرنا چاہیئے۔

ای پیپر دی نیشن