مسلمانوں نے ناموس رسالت معاملہ پر ہمیشہ ایمانی غیرت، حمیت کا مظاہرہ کیا: سراج الحق

کراچی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ امت نبیؐ کی شان میں گستاخی قبول اور برداشت نہیں کرے گی ، مسلمانوں نے اس حوالے سے ہمیشہ اور ہر دور میں ایمانی غیرت اور حمیت کا مظاہرہ کیا ہے ، حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ توہین رسالتؐ کے معاملے پر اقوام متحدہ میں مدعی بنے اور اس مسئلے کو اٹھانے اور عالمی سطح پر قانون سازی کے لیے اسلامی ممالک کی تنظیم کے توسط سے بھی اپنا کردار اداکرے۔ زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک ناموس رسالت ؐ اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں جماعت اسلامی اور اسلامک لائرز موومنٹ کے تحت جیورسٹ کانفرنس بعنوان ’’تحفظ ناموس رسالتؐ و مقدسات ختم نبوتؐ کے آئینی و قانونی تقاضے ‘‘ سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں سابق ججز صاحبان ، سینئر وکلاء ، کراچی ہائی کورٹ و کراچی بار کونسل کے موجودہ و سابق عہدیداران و نمائندے وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کانفرنس میں متفقہ طور پر قرارداد بھی منظور کی گئی ۔کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ، ڈپٹی سیکرٹری کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ ، شعاع النبی ایڈوکیٹ ، نجم ایڈوکیٹ ، جسٹس (ر)عبد القادر مینگل ، سپریم کورٹ کے وکیل اور سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر محمد عاقل۔ کراچی بار کے سابق صدر نعیم قریشی مسعود احمد ایڈوکیٹ، عبد الباسط آفریدی ، دلبر اعجاز ایڈوکیٹ ، انصاف علی ایڈوکیٹ ، ظہورمسعود ایڈوکیٹ ، ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر جسٹس (ر)محمد شفیع محمدی ،امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ،سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ، راجہ عارف سلطان ایڈوکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے ۔سنیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ قانون توہین رسالت مسلمانوں کے لیے دین و ایمان کا مسئلہ ہے اور یہ مسئلہ دنیاکے امن کا بھی مسئلہ ہے۔ مسلمان جس طرح نبی کریم ؐپر ایمان لائے ہیں اسی طرح دیگر انبیاء علیہم السلام پر بھی لائے ہیں۔ اور ہم تمام انبیاء کرام علیہم السلام کے درمیان کوئی فرق نہیں کرتے۔ نگریز کے دور میں بھی 295-Aموجود تھا جس پر انبیاء کی توہین پر 3 سال کی سزا تھی۔ پاکستان کے آئین میں 295-Cمیں توہین رسالت کی سزا موت مقرر کی گئی ہے۔ توہین کا معاملہ پوری انسانیت کا معاملہ ہے۔ جماعت اسلامی کی شہری ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام عدالتی فیصلے اور تجاوزات کی آڑ میں دکانوں، تجارتی مارکیٹوں ، شہر کی قدیمی آبادیوں کو تباہ کر نے اور شہریوں کو بیروز گار کر نے کے خلاف آج کراچی پریس کلب کے باہر3بجے دن احتجاجی دھرنا ہو گا۔ دھرنے میں شہر کی مختلف تجارتی تنظیمیں، مارکیٹوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ دھرنے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن