مقبوضہ کشمیر میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 23افراد جاں بحق ،12زخمی،گاڑی لوران سے پونچھ جا رہی تھی جو منڈی کے علاقے میں حادثے کا شکار ہو گئی،مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ،پانچ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 23افراد جاں بحق اور 12زخمی ہو گئے ۔یہ حادثہ ضلع پونچھ کے علاقے میں منڈی میں پیش آیا جہاں لوران سے پونچھ جانے والی مسافر بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔گاڑی میں 35افراد سوار تھے جن میں 23جاں بحق اور 12زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔پولیس کے مطابق گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے پھلسن کے باعث بے قابو ہو گئی۔مرنے والوں میں ڈرائیور بھی شامل ہے۔زخمیوں کو فوری طور سب ڈسٹرکٹ اسپتال منڈی پہنچایا گیا ۔بلاک میڈیکل آفیسر پونچھ سید مشتاق حسین نے کہا کہ 23مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ12 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ ان میں سے پانچ شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال پونچھ پہنچایا گیا ہے۔ادھر 3دسمبرکو بلند شہرمیں گﺅ کشی کی افواہ کے بعد بھڑکے تشدد کے دوران انسپکٹرسبودھ کمارسنگھ کے قتل کا ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوا ہے۔ 11 سیکنڈ کے ویڈیو میں ایک شخص انسپکٹرسبودھ کوگولی مارتا نظرآرہا ہے۔ مذکورہ شخص کی شناخت جیتوفوجی کے طورپرہوئی ہے جو مہاﺅگاﺅں کا رہنے والا ہے اور اس کی تعیناتی آج کل لداخ میں ہے۔وہ چھٹی پراپنے گاﺅں آیا ہوا تھا اور حادثے والے دن وہ یہاں موجود تھا۔ الزام ہے کہ جیتونے انسپکٹرکوگولی مارنے کے بعد اس کی پستول اورموبائل بھی لوٹ لی تھی۔ تشدد میںانسپکٹر سبودھ کمارسنگھ کو گولی مارنے والے کی شناخت کرنا پولیس کے لئے ایک چیلنج تھا۔ سوشل میڈیا پروائرل ایک ویڈیوسے پولیس نے فوجی کی شناخت کی ہے۔پولیس کا ماننا ہے کہ مذکورہ فوجی نے ہی پتھرلگنے سے سنگین حالت میں زخمی کوتوال سبودھ کمارکا قتل کیا ہے۔ ان کی چھینی ہوئی پستول اورموبائل بھی اسی کے قبضے میں ہے۔ حادثہ کو انجام دینے کے بعد فوجی واپس ڈیوٹی پرچلا گیا۔ فوجی کی گرفتاری کے لئے پولیس کی ایک ٹیم سب انسپکٹروجے گوتم کی قیادت میں سی جے ایم کورٹ سے گرفتاری وارنٹ لینے کے بعد جمعرات کو جموں روانہ ہوگئی۔اس کے ساتھ ہی ایس ٹی ایف کی دو ٹیمیں جموں روانہ ہوگئی ہیں۔ واضح رہے کہ پولیس کی ایف آئی آرمیں بھی جیتو فوجی کا نام درج ہے۔ اے ڈی جی میرٹھ زون پرشانت کمارنے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیمیں جموں روانہ ہوگئی ہیں۔ ملزم فوجی کو جلد ہی گرفتارکیا جائے گا۔دریں اثناءپولیس نے اس بات کا دعوی کیا ہے کہ انہوں نے سب انسپکٹر امتیاز احمد کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے پر پلوامہ کے ایک شخص اور اسکی ساتھی لڑکی کو گرفتار کرلیا ہے۔ٹکن پلوامہ کے انصار الحق اور ساکیہ امین کو حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق سب انسپکٹر کو قتل کرنے میں استعمال کی گئی گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔ان دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے حزب کے جنگجوﺅں لیاقت احمد وانی اور واجد الاسلام کیساتھ سازش کی ۔یہ دونوں جنگجو ٹکن میں مارے جاچکے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر :مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 23افراد جاں بحق،12زخمی
Dec 08, 2018 | 11:40