سٹاک مارکیٹ تیز، ایک ہفتے کے دوران سرمایہ کاری میں 284 ارب روپے اضافہ

Dec 08, 2019

کراچی (کامرس رپورٹر)گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 5روزہ کاروبار میں سے 4دن کاروبارحصص میں تیزی رہی جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوسرے کاروباری روز منگل کو زبردست اتارچڑھائو کے بعد مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی۔ گزشتہ ہفتے میں کاروبار کے پہلے ہی روز پیر کوشیئرز مارکیٹ میںموڈیز کی جانب سے پاکستان کا آئوٹ لک منفی سے مستحکم ہونے اورریٹنگ آئوٹ لک B3برقرار رکھنے کے مثبت اثرات دیکھے گئے۔مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے ہونے والی تیزی کی وجہ سے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپورسرمایہ کاری کی بدولت 100 انڈیکس کی ایک ساتھ16نفسیاتی حدیں 38300، 39400، 39500، 39600، 38700، 39800، 39900،40000 ،40100 ،40200 ،40300،40400 ،40500 ،40600 ،40700 پوائنٹس کی سطح عبور کرگئیں۔مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے نئے مال کی خریداری کا رجحان رہا جس کی وجہ سے پہلے ہی دن 100انڈیکس836 پوائنٹس بڑھ گیا مگر دوسرے کاروباری روز منگل کو مارکیٹ میںزبردست اتار چڑھائو کے بعد مندے کا رجحان غالب آگیاتاہم آئندہ دنوں میں سرمایہ کاروں کی جانب سے معاشی صورتحال میں استحکام آنے کے پیش نظر منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری شروع کردی جس سے مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہوئی اور اس کے بعد کے تینوں کاروباری ایام یعنی بدھ ،جمعرات اور جمعہ کومارکیٹ میں تیزی رہی ۔مجموعی طور پر گزشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس1444.60پوائنٹس بڑھ کر40732.25پر پہنچ گیا۔مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 2کھرب 84ارب 90کروڑ 5لاکھ روپے کے اضافے سے 77کھرب96ارب 86کروڑ3لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔

مزیدخبریں