عالمی جوہری توانائی ایجنسی کا دورہ پاکستان، ایٹمی پروگرام کی حفاظت کیلئے اقدامات کی تعریف

Dec 08, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد کا پاکستان کا دورہ۔ وفد نے راجا عبدالعزیز کی قیادت میں چار سے سات دسمبر تک پاکستان کا دورہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وفد نے پاکستان نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین ظہیر ایوب بیگ اور پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم سے بھی ملاقات کی۔ جوہری سلامتی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان نے اسے مضبوط بنانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ پاکستان جوہری سلامتی کو فروغ دینے کی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔ وفد نے کراچی نیو کلیئر پاور پلانٹ کا دورہ کیا اور پاکستان کی جانب سے آئی اے ای اے کی سفارشات کے مطابق کئے جانے والے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف کی، دورہ آئی اے ای اے اور پاکستان نیو کلیئر سکیورٹی کو آپریشن پروگرام کا ایک حصہ تھا اس پروگرام کو 2011ء میں بڑھایا گیا تھا تاکہ اضافی شعبوں کو بھی شامل کیا جا سکے، اس پروگرام کے تحت تمام سرگرمیاں پاکستان نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر انتظام ہیں۔

مزیدخبریں