نام ای سی ایل سے خارج، 6 ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے: مریم نواز کی درخواست: لاہور ہائیکورٹ سماعت کریگی

Dec 08, 2019

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے ن لیگی رہنما مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 9 دسمبر کو سماعت کرے گا، مریم نواز نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں وزارت داخلہ، ایف آئی اے، چئیرمین نیب اور ڈی جی نیب کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے باوجود بیمار والدہ کو چھوڑ کر بیرون ملک سے والد کے ساتھ واپس آئی، موقف سنے بغیر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا، ای سی ایل میں نام شامل کرنے کا میمورنڈرم غیر قانونی اور آئین کی خلاف ورزی ہے، نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا میمورنڈم اعلی عدلیہ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے، عدالتوں میں ڈیڑھ سال تک مسلسل پیش ہوتی رہی ہوں، نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام عجوبہ ہے، نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام ایگزٹ کنٹرول لسٹ کی سکیم سے بھی متضاد ہے،درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ والدہ کی وفات کے بعد نواز شریف کی دیکھ بھال میں ہی کرتی رہی ہوں، والد میاں نواز شریف بیماری میں مجھ پر ہی انحصار کرتے ہیں، نواز شریف کی بیماری کی حالت ناقابل بیان ہے، والد نواز شریف کی بیماری کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوں، والد کی دیکھ بھال کے لئے بیرون ملک جانا چاہتی ہوں، درخواست گزار مریم نواز نے استدعا کی ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک 6 ہفتوں کے لئے 1 بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے، جبکہ درخواست گزار کا پاسپورٹ بھی واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا 20 اگست 2018 کا حکم غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

مزیدخبریں