اسلام آباد(آئی این پی ) روس نے پاکستانی معیشت کی بہتری میں مزید کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایک وفد جلد اسلام آباد کا دورہ کرے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق رشین فیڈریشن کے وزیر برائے تجارت و صنعت ڈینس منٹورو کی سربراہی میں ایک وفد جلد پاکستان آئے گا اور دونوں ممالک کے درمیان معیشت، تجارت، سائنسی اور تکنیکی آپریشن پر مذاکرات ہوں گے۔ذرائع اکنامک افیئرز ڈویژن کے مطابق روس قومی ایئرلائن پی آئی اے کیلئے سخوئی سپر جیٹ 100 مسافر طیاروں کی پیشکش کرے گا اور یہ طیارے خریداری اور لیز پر دستیاب ہوں گے۔اطلاعات ہیں کہ ماضی میں روس نے پاکستان اسٹیل ملز کے حوالے سے تین آپشنز کی پیشکش کی تھی جن میں اس کی ریاستی ملکیتی کمپنیاں جی ٹو جی معاہدے کے تحت اس کی تجدید کریں گی اور پھر اسے پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا۔