لاہور‘ گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر + نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا نے سوشل میڈیا کی افادیت کو پہلے سے کئی گنا بڑھا دیا ہے، وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سوشل میڈیا کو ایک موثرپلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے کی غرض سے جامع پالیسی مرتب کریں، وہ ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس لاہور میں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے ہمراہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بہتر حکمت عملی تشکیل دینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کو بہتر طور پر پیش کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی وزارت اطلاعات میں بہترین روابط ضروری ہیں‘ انہوں نے اس بات زور دیا کہ عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے حکومت کی بہترپالیسیوں کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم بھرپور استعمال کیا جائے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وفاقی وزارت اطلاعات پنجاب کے محکمہ اطلاعات کی قوت بنیں گی اور ہر لحاظ سے اپنی مدد فراہم کریگی‘ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے پیش کرنے کیلئے ہر ہفتے ایک وزارت کی کارکردگی کے بارے میں پریس بریفنگ رکھا کرینگے۔ صوبائی وزارت اطلاعات چند روز میں سوشل میڈیا کنونشن کا انعقاد کروائے گی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آر پی او آفس گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ اس دوران ریجنل ڈسپیوٹ ریزو لیوشن کمیٹی بلاک اور شہریوں کے لیے بنائے گئے وزٹر لاؤنج کا افتتاح کیا۔ معاون خصوصی نے ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ طارق عباس قریشی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب پولیس کا تاثر بدلنے کی ضرورت ہے۔ ہم پولیس کو عوام دوست اور تفتیش اور پراسیکیوشن کے نظام کو مضبوط بنانے جا رہے ہیں۔ پولیس افسروں کا فرض ہے کہ وہ عدل وانصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کے لئے خود کو وقف کر دیں۔ معاون خصوصی اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ سیاسی نابالغ کی پارٹی قیادت کا دامن کرپشن زدہ ہے۔ کرپشن زدہ چہروں کے پیچھے قوم کا نہیں اپنا درد ہے۔ مریم نواز کے ہٹے کٹے بھائی والد کے ساتھ لندن میں ہیں پھر بھی مریم نواز باہر جانا چاہتی ہیں۔ یہ کاروبار باہر کرتے اور سیاست کیلئے پاکستان آتے ہیں۔ حکومت سے باہر ہو تو یہ خاندان من گھڑت بیانیہ اختیار کر کے باہر چلا جاتا ہے ان کو پارلیمنٹ کی بالادستی اس وقت یاد آتی ہے جب حکومت میں نہیں ہوتے۔ دہائیوں سے گدھ بن کر ملک کا خون چوستے رہے ہم حساب مانگ رہے ہیں، ملکی معیشت کو وینٹی لیٹر پر اکھڑی سانسوں کیساتھ ہمارے حوالے کیا گیا آج ایک سیاسی نابالغ کراچی میں بیٹھ کر بیان دے رہے تھے۔ سیاسی نابالغ کی جماعت کے سپریم کمانڈر کے خلاف کرپشن ریفرنس ہے بلاول صاحب کو 15 ماہ میں سات منصوبے مبارک ہوں۔ شہباز شریف 18 سوالات کے جواب دیں۔ ڈھٹائی‘ بے شرمی میں پی ایچ ڈی کرنے والے ہم سے پوچھ رہے ہیے، دھیلے کی کرپشن بے نقاب ہو چکی ہے۔ شہباز شریف‘ سلمان شہباز‘ گیلو‘ ببلو‘ علی عمران اور اسحاق ڈار کا ہاتھ پکڑ کر پاکستان لے آئیں، سلمان شہباز پاکستان آ کر عدالتوں میں ہمیں جھوٹا ثابت کر دیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 72 سالہ نظام کو ٹھیک کرنے کے لئے ہمیں 72 ماہ تو دیدیں۔ نسل در نسل سیاست کرنے والوں نے مخالفین کو پولیس مقابلوں کے ذریعے ٹھکانے لگایا۔ پنجاب میں تھانہ کلچر سیاست کی نذر ہوا۔ جب تک پولیس سیاست کے رنگ سے باہر نہیں نکلے گی تب تک پنجاب کی اصل شناخت بحال نہیں ہو سکتی۔ میں نے قسم کھائی ہے تھانہ‘ کچہری کی سیاست نہیں کرنی۔ وزیراعظم عمران خان نظام کو بدلنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ اس سے قبل معاون خصوصی برائے اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کو قرض کی فراہمی کا آغاز وزیراعظم کا عہد کی پاسداری کی جانب عملی قدم ہے۔ لاکھوں نوجوانوں کی قرض کے حصول میں دلچسپی عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان پر اعتماد ہے۔ معاشرہ میرٹ کو فروغ دے کر ہی فلاح اور ترقی پائے گا‘ منصوبے کے تحت قرض حاصل کرنے والے نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ پروگرام کے تحت تمام قرض میرٹ پر دیئے جائیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کی پٹیشن پر ردعمل میں کہا ہے کہ سزا یافتہ خاتون نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت لی تھی وزارت داخلہ یا حکومت کو کوئی درخواست نہیں ملی۔ عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد حکومت اپنا ردعمل دے گی، چاہتے ہیں سب پر قانون کا یکساں اطلاق ہوا۔ درخواست ضمانت پر امید ہے عدالت قانون کے مطابق فیصلہ کریگی۔ ایک سوال پر کہا کہ آصف زرداری کے خلاف متعدد کیسز چل رہے ہیں۔ عدالت نے آصف زرداری کیس میں ترجیحات طے کرنی ہیں جن کے دامن بدبودار ہیں عمران خان پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو سیاسی قد اونچا کرنے کیلئے عمران خان پر الزام لگاتے ہیں۔ عمران خان نے چوروں، لٹیروں کو نہ چھوڑنے کا وعدہ کیا ہے، ان کے شور سے لگتا ہے عمران خان کا وعدہ پورا ہو رہا ہے۔ عمران خان نے کہا تھا رلاؤں گا کرپٹ ٹولے کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ نامور کرپشن زدہ چہرے نڈھال نظر آتے ہیں۔ حکومت عوامی مشکلات سے آگاہ ہے۔ بلاول این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دینے پر عمران خان کا شکریہ ادا کریں۔ سندھ میں کرپشن روکی جائے تو منصوبے بہتر ہو سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت ہر ہفتے میگا منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے۔