کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نامزد چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ بار اور بنچ کا تعلق کوئی نہیں بگاڑ سکتا۔ ڈسٹرکٹ کورٹس کی حالت دیکھ کر بے حد تکلیف ہوئی۔ ڈسٹرکٹ کورٹس کی بہتری کیلئے بہت کچھ کرنا ہے۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ بار اور بنچ کا نقصان ہو گا تو دونوں کا نقصان ہو گا۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ وکلاء اور عدالتی مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ بار سے منسلک تمام مسائل کو 21 دسمبر کے بعد سے حل کرنا شروع کروں گا۔ میں نے اپنے وقت میں ڈسٹرکٹ کورٹس کی ایسی حالت نہیں دیکھی تھی۔ مسائل ہر جگہ ہوتے ہیں اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں، ہم پورے پاکستان کے مسائل کو دیکھتے ہیں۔ ان کو حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں میرے والد بھی کراچی بار ایسوسی ایشن کے ممبر تھے۔ میں نے کبھی وکیل یا جج ہونے کی حیثیت سے اپنی ذمے داریوں سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ ڈسٹرکٹ کورٹ کراچی سے اپنی پریکٹس کا آغاز کیا۔ میں خود کراچی بار کا ممبر رہا ہوں۔ کراچی بار نے اے کے بروہی جیسے قابل وکیل پیدا کئے۔ ڈسٹرکٹ کورٹ کراچی کو بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔ ان چیلنجز کو سمجھتا ہوں۔ 17 نومبر کو اپنے دورے میں ججز اور وکلاء کی مشکلات کو جانچا ہے۔ ڈسٹرکٹ کورٹ کو سنٹرل جیل‘ سنٹرل جیل کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا کیا بنا، نہیں معلوم۔ ڈسٹرکٹ کورٹ کورنگی کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں۔