کراچی (سٹاف رپورٹر‘نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشی بحران کا مقابلہ کرنا ہے تو وہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم جو صرف ارب پتیوں کیلئے ہے اسے بند کرنا ہوگا ہمارے سلیکٹڈ وزیراعظم نے معیشت کا ستیاناس کر دیا ہے ہمارے صوبے کو وسائل نہیں دیئے جا رہے بزنس کمیونٹی کو نیب گردی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے تو اس ماحول میں ایک دن میں سات منصوبوں کے افتتاح کرکے ثابت کیا ہے کہ کوئی حکومت کام کر رہی ہے تو وہ سندھ حکومت ہے ہمارے شہر اور صوبے کے بہت سے مسائل ہیں عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہے ہیں نوجوان جو اس امید کے ساتھ بیٹھے تھے کہ انہیں ایک کروڑ نوکریاں ملیں گی وہ بے روزگار ہیں، مزدوروں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا ہے، ایسے میں ان مسائل کو صرف عوامی مینڈیٹ کی حامل عوامی حکومت ہی حل کر سکتی ہے ان منصوبوں کی تکمیل میں جن لوگوں کو روزگار ملا اور منصوبے جو دو ماہ میں مکمل ہوں گے اس میں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے پر حکومت پر حکومت سندھ کا شکر گزار ہوں۔ وفاقی حکومت جس طریقے سے منصوبوں کو بند کر رہی ہے اور موجودہ اداروں سے لوگوں کو بے روزگار کروا رہی ہے تو اس سے ملک کی معیشت کو فائدہ نہیں نقصان ہی ہوگا، معاشی بحران کا مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں زیادہ کام کرنا ہوگا، انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی ۔ معاشی بحران کا مقابلہ کرنا ہے تو وہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم جو صرف ارب پتیوں کیلئے ہے اسے بند کرنا ہوگا اور چھوٹے تاجروں اور دکاندروں کیلئے سکیم لانا ہوگی۔ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ اگر ہمیں اس معاشی بحران کا مقابلہ کرنا ہے تو عوام کو بے روگار نہیں کرنا ہوگا بلکہ حقیقیت میں ایک کروڑ نوکریاں پورے ملک میں دینی پڑیں گی ہم جب معاشی بحران کا مقابلہ کرتے ہیں تو ہم ارب پتی بینکرز کیلئے بیل آؤٹ نہیں لائے بلکہ کام کرکے دکھاتے ہیں اگر غریبوں کے ہاتھ میں پیشہ ہوگا تو نوکری پیشہ طبقے کے ہاتھ میں پیسہ ہوگا تو وہ اسے خرچ کرے گا جس سے معیشت کو فائدہ ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے دور میں نہ صرف تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا بلکہ پنشنز میں 150 فیصد اضافہ کیا گیا اس وقت صحت، تعلیم، کچرے، پانی کے مسائل کا سامنا کراچی سمیت پورے سندھ کو ہے۔ اگر سندھ حکومت کو اس کا حصہ دیا جاتا تو ہم زیادہ کام کر سکتے ہیں۔ پنجاب میں وسیم اکرم پلس او رشیر شاہ سوری ہیں، انہوں نے ایک سال میں کتنے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا لاہور میں کتنے انڈر پاس اور فلائی اوورز کا افتتاح کیا جبکہ وہاں تو سارے وسائل بھی موجود ہیں۔ عمران خان آپ کے خیبر پی کے میں کتنے ہسپتال بنائے۔
سلیکٹڈ نے معیشت کا ستیا ناس کر دیا، مسائل عوامی حکومت حل کر سکتی ہے: بلاول
Dec 08, 2019