اردو کمنٹری اثاثہ ‘ بچانے‘ مقبول بنانے کیلئے کوششوں کی ضرورت ہے:محمد ادریس

Dec 08, 2019

لاہور(نمائندہ سپورٹس) سینئر کرکٹ کمنٹیٹر محمد ادریس کا کہنا ہے کہ اردو کمنٹری ہمارا اثاثہ ہے اسے بچانے اور دوبارہ مقبول بنانے کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ میڈیم ویو کا دور گذر چکا ہے اس کے ذریعے وقت گذاری کرنے یا وسائل ضائع کرنے کے بجائے اصل کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ریڈیو کی طاقت اور اس کے سننے والوں کی تعداد آج بھی کم نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں ریڈیو کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے۔ریڈیو کمنٹری کو بہتر بنا کر ریڈیو پاکستان کو مالی طور پر بہت فائدہ ہو سکتا ہے۔ ہم برسوں سے اسکے کاروباری اور منافع بخش پہلو کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف حاضری لگانے والا کام کر رہے ہیں۔ اردو کمنٹری کی افادیت اور ممکنہ مالی فائدے کو دیکھتے وزارت اطلاعات کو ہنگامی بنیادوں پر دلیرانہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس شعبے کی بحالی کیلئے فنڈز کے بجائے لگن، محنت اور فکر کی ضرورت ہے۔ حکمران فیصلہ کر لیں کہ اردو کمنٹری جیسے اہم اثاثے کو محفوظ بنانا اور اسے فروغ دینا ہے تو یہ کام مشکل نہیں ۔ اس کا مالی فائدہ ریڈیو پاکستان کو ہو گا اور ملک بھر کے سامعین ایک مرتبہ کرکٹ میچوں پر رواں تبصرہ سننے کو ملے گا۔

مزیدخبریں