لاہور(نمائندہ سپورٹس)پی ایس ایل پروجیکٹ ایگزیکٹیو کی پوسٹ کیلئے شعیب نوید فیورٹ امیدوار بن گئے تاہم اس حوالے سے پی سی بی حکام جلد حتمی فیصلہ کریں گے۔گزشتہ برس جب سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے عہدہ چھوڑا تو 2 ماہ بعد ہی نائلہ بھٹی بھی مستعفی ہوگئیں، وہ ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز کے ساتھ پی ایس ایل کی پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی تھیں، رواں برس سینئر جی ایم مارکیٹنگ صہیب شیخ نے لیگ کے معاملات سنبھالے مگر اپریل میں وہ بھی عہدے سے الگ ہو گئے تھے۔ تب سے کرکٹ بورڈ میں پی ایس ایل کے معاملات دیکھنے کیلئے کوئی آفیشل موجود نہ تھا،اکتوبر کے اواخر میں پروجیکٹ ایگزیکٹیو کیلئے اشتہار جاری کیا گیا جس کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ11 نومبر تھی۔ذرائع نے بتایا کہ اس پوسٹ کیلئے کئی امیدوار سامنے آئے مگر شعیب نوید فیورٹ نظر آتے ہیں، وہ اپریل 2016سے اسلام آباد یونائٹیڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیں، اس سے قبل2014 سے2016تک پی ایس ایل کے پروجیکٹ منیجررہے۔انھوں نے پی سی بی میں منیجر مارکیٹنگ اینڈ سیلز کی حیثیت سے بھی کام کیا، شعیب نوید کرکٹ بورڈکی جانب سے درکار کوالیفکیشن پر تو پورا اترتے ہیں ، البتہ مفادات کے ٹکراؤ کا معاملہ سامنے آ سکتا ہے، ان کی اسلام آباد یونائٹیڈ کے مالک علی نقوی سے رشتہ داری بھی ہے،تقررپر دیگر فرنچائزز اعتراض کر سکتی ہیں۔ شعیب نوید نے پی ایس ایل پروجیکٹ ایگزیکٹیوکیلئے درخواست دینے کی تصدیق یا تردید سے گریز کیا۔