ساؤتھ ایشین گیمز: پاکستان کے گولڈ میڈلز کی تعداد 24 ہو گئی

لاہور(نمائندہ سپورٹس )ساؤتھ ایشین گیمز میںپاکستان نے ہفتے کو ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیے جس کے بعد پاکستان کے مجموعی طلائی تمغوں کی تعداد 24 ہوگئی۔نیپال میں جاری ساؤتھ ایشین گیمز میں ہفتے کوپاکستان نے ریسلنگ میں دو گولڈ میڈلز جیتے۔ عنایت اللہ نے 70 کلوگرام جبکہ عبدالرحمٰن نے 79 کلوگرام ریسلنگ کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتے۔ویٹ لفٹر عثمان امجد راٹھور نے 102 کلو گرام ویٹ کیٹیگری میں مجموعی طور پر 330 کلوگرام کا ویٹ اٹھاکر گولڈ میڈل حاصل کیا۔عثمان نے سنیچ میں 150 اور کلین اینڈ جرک میں 180 کلوگرام وزن اٹھایا۔ خاتون ویٹ لفٹر رابعہ رزاق نے خواتین کی 87 کلوگرام کیٹیگری میں 141 کلوگرام وزن اٹھاکر سلور میڈل اپنے نام کیا۔ریسلنگ میں زمان انور اور طیب رضا فائنل باؤٹس میں ناکامی کے بعد سلور میڈل کے حقدار قرار پاِئے۔خواتین کی چار ضرب چار سو ری لے میں پاکستان کی صاحب اسرا، نجمہ پروین، رابعہ عاشق اور انیلہ گلزار پر مشتمل ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا۔شوٹنگ میں پاکستان کے غلام مصطفیٰ بشیر، خلیل اختر اور مقبول حسین پر مشتمل ٹیم نے 50 میٹر ائیرپسٹل میں ٹیم ایونٹ کا سلور میڈل حاصل کیا۔جی ایم بشیر نے اس ایونٹ کا انفرادی سلور میڈل بھی اپنے نام کیا۔ پاکستان کے مجموعی طلائی تمغوں کی تعداد 24 ہوگئی۔سکواش میں پاکستان کے فرحان محبوب، فائزہ ظفر اور مدینہ ظفر نے برانز میڈلز حاصل کیے۔غفران عادل اور نادرہ رئیس نے 10 میٹر ائیر رائفل مکسڈ مقابلوں میں برانز میڈل جیتا۔اتھلیٹکس کی چار ضرب چار سو میٹر میں بھی پاکستان نے برانز میڈل حاصل کیا۔ پاکستانی اتھلیٹس اب تک 24 گولڈ، 30 سلور اور 38 برانز میڈل حاصل کرچکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن