تہران، برلن (نیٹ نیوز) تین بڑے یورپی ممالک نے ایران کی جانب سے یورینیم افزودگی میں اضافے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ برقرار رکھنے کیلئے ان تھک محنت کی۔ یہ جوہری معاہدہ کثیرالجہتی سفارت کاری اور جوہری عدم پھیلاؤ کے لیے اہم کارنامہ ہے۔ ایران کا اعلان جوائنٹ کمپری ہینسیو پلان آف ایکشن (جے سی پی او اے) معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ نئے ایرانی قانون پر عمل درآمد سے ایران کے جوہری پروگرام میں کافی حد تک توسیع ہوگی اور اس سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی اور رسائی بھی محدود ہوگی۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے اقدامات جوہری معاہدے اور ایران کے وعدوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ایران کو ان اقدامات سے گریز کرنا چاہئے۔