لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں غریبوں کے لیے عدالتوں میں انصاف نہیں، ہسپتالوں میں علاج نہیں۔ ظالم اشرافیہ نے گزشتہ 73سالوں سے اسی نظام کو جاری رکھا جو انگریز کے دور میں قائم تھا۔ پی ڈی ایم میں شامل سبھی جماعتوں نے اقتدار کے مزے لوٹے، لیکن عوام کو کچھ نہیں دیا۔ اب تبدیلی کے دعوے دار لوگوں کا خون نچوڑ رہے ہیں اور انھیں لنگرخانوں کے باہر کھڑا کر دیا ہے۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 7اموات کے ذمہ داروں کا تعین نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ کے پی کے استعفیٰ کیوں نہیں دیتے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے تیمرگرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عدالتوں میں غریب کے لیے انصاف نہیں ہے جب کہ تعلیم اور صحت کی سہولتیں نایاب ہو گئیں۔ عوام کو ہسپتالوں میں ڈسپرین کی گولی تک دستیاب نہیں۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 7 لوگوں کا آکسیجن کی عدم دستیابی کی وجہ سے چل بسنا بڑا سانحہ ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی نے اب تک استعفیٰ کیوں نہیں دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کیا پی پی سندھ حکومت کی قربانی دینے کو تیار ہے، اگر ایسا ہوتا ہے تو ہم بھی سوچیں گے۔ لوگوں کو سٹیٹس کو کے چنگل سے نجات دلانا ہی جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حاصل ہے۔
پیپلز پارٹی سندھ حکومت کی قربانی دے تو ہم بھی سوچیں گے، حکومت میں اصل راج مافیاز کا سراج الحق
Dec 08, 2020