اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا کہ حکومت پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے جلسوں میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے حق میں نہیں ہے۔ سیاسی رہنما بالخصوصی طور پر (ن) لیگ کرونا وائرس کے حوالے سے عوام میں ابہام پیدا کر رہی ہے۔ اتوار کو انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کھلی جگہوں پر جلسوں کا انعقاد کر کے عوام کو تاثر دے رہی ہے کہ عام لوگ وائرس پھیلانے سے متاثر نہیں ہوں گے۔ موجودہ صورتحال میں میڈیا کو اپوزیشن کو جلسے بند کرنے کے حوالے سے راضی کرنے کیلئے مہم چلانی چاہیے۔ اپوزیشن رہنمائوں کو گرفتار کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پی ڈی ایم رہنمائوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے حق میں نہیں ہیں تاکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے رہنمائوں کو میڈیا کے ذریعے بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن بھی لیا جا سکتا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو خود بھی چاہیے کہ وہ موجودہ صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
وزیراعظم ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پی ڈی ایم رہنماؤں کیخلاف سخت ایکشن نہیں چاہتے: اسد عمر
Dec 08, 2020