نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ کی مینجڈ آئسولیشن ختم ہوگئی ہے۔ اسکواڈ میں شامل 52 اراکین کرائسٹ چرچ کے مقامی ہوٹل پہنچ گئے ہیں۔
ہوٹل میں دو گھنٹے قیام کے بعد قومی اسکواڈ بذریعہ پرواز کوئنز ٹاؤن روانہ ہوگا۔ قومی اسکواڈ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے کوئنز ٹاؤن پہنچے گا۔
ٹیم اور پاکستانی شاہینوں کے اسکواڈزالگ الگ ہوٹلز میں قیام کریں گے۔ اسکواڈ میں شامل ایک رکن آکلینڈ سے آج کوئنز ٹاؤن پہنچ جائے گا۔ دوسرا رکن جمعرات کو کوئنز ٹاؤن میں موجود اسکواڈ کو جوائن کرے گا۔
کوئنز ٹاؤن میں ٹی20 اورٹیسٹ سیریز سے قبل ٹریننگ ہوگی۔ نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم کا آخری ہیلتھ چیک اپ ابھی ہونا باقی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20سیریز کا آغاز 18 دسمبر سے ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20کیلئے18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
ٹیم کی قیادت بابراعظم اور نائب کپتان شاداب خان ہوں گے۔ سرفراز احمد اور حسین طلعت کی ٹی 20اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
محمد رضوان، حیدر علی، محمد حفیظ، افتخاراحمد، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، شاہین آفریدی، عثمان قادر، وہاب ریاض، فہیم اشرف، عماد وسیم اور عبداللہ شفیق بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ٹیم کا اعلان کرنے کے بعد کہا کہ کرکٹ کی سرگرمیاں بحال رکھنےمیں پاکستانی کھلاڑیوں کاکردار اہم ہے۔
نیوزی لینڈ کے قوانین نے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طورپر متاثر کیا ہے۔ آئسولیشن کی مدت مکمل ہونے کے بعد سب کچھ پس پشت رہ جائے گا۔
نیوزی لینڈ اے کے خلاف 4روزہ میچ کیلئے16رکنی ٹیم کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر ہوں گے۔عمران بٹ، امام الحق، ذیشان ملک، شان مسعود، عابد علی، اظہرعلی، یاسرشاہ، سہیل خان، عماد بٹ، حارث سہیل، فوادعالم، محمد عباس، ظفر گوہر، نسیم شاہ دانش عزیز بھی ٹیم میں شامل ہیں۔