لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف یوٹیوبر جے پلفری کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں دورہ پاکستان کے دوران دلکش نظاروں اور پاکستانیوں کی بھرپور مہمان نوازی نے انہیں پاکستان کی محبت میں مبتلا کر دیا۔ جے پلفری نے تین ہفتوں پر مشتمل سکردو، ہنزہ اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے مختلف شہروں کا دورہ کیا تھا۔ پاکستانی سیاحت کے فروغ کے لیے جے پلفری کی جانب سے ان کے دورہ پاکستان کی کئی ویڈیو سیریز ریلیز کی جا چکی ہیں۔ حالیہ ویڈیو میں برف سے ڈھکی وادی سکردو، سیاحوں کی توجہ کا بہترین مرکز اور دنیا کے دوسرے بلند ترین میدان دیوسائی کا نظارہ پیش کیا گیا۔ ویڈیو میں شمالی خطے سے لاہور تشریف لانے کے بعد جے پلفری نے بادشاہی مسجد اور فیصل مسجد سمیت مختلف پرکشش مقامات پر مبنی سیریز نشر کی۔ اپنی ایک ویڈیو میں یوٹیوبر جے پلفری کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کو پاکستان کا اصل امیج دکھانے کی کوشش کررہے ہیں۔