لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کرونا سے بچاؤ کیلئے سیاسی جلسوں پر پابندی اور دیگر حفاظتی اقدامات کیلئے دائر درخواست پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اور ڈی سی لاہور کو نوٹسز جاری کر تے ہوئے آج بروز منگل جواب طلب کرلیا۔ فاضل عدالت نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔ دائر درخواست میں مفاد عامہ کی درخواست میں کرونا کی دوسری لہر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ کرونا کے شدید پھیلاؤ کی وجہ سے ہسپتالوں میں بستر کم پڑنے لگے ہیں۔ عالمی وائرس سے بچاؤ کیلئے جلسے جلوسوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگانا وقت کی ضرورت ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کرونا وبا پھیلنے کے باعث ہسپتالوں میں فارمیسیز کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھا جائے۔اور سینئر پروفیسرز کی رات کے اوقات میں کورونا وارڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔ درخواست گذار نے استدعا کی کہ لواحقین کو کرونا مریض کی حالت کے بارے میں آگاہ کرنے اور ویڈیو کالز کی سہولت بھی یقینی بنائی جائے۔ درخواست گذار نے عدالت کو بتایا کہ اگر ان اقدامات کو یقینی نہ بنایا گیا تو تشویشناک حد تک ہلاکتوں کا خطرہ ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ جلسے جلوسوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگانا وقت کی ضرورت ہے۔