لیگی ایم این اے چوہدری حامد ، ایم پی اے افتخار چھچھر نے قیادت کو استعفیٰ بھجوا دیا

Dec 08, 2020

سرگودھا + اسلام آباد + اوکاڑہ (نامہ نگاران+ وقائع نگار خصوصی) اپوزیشن اراکین اسمبلی کی طرف سے اسمبلیوں سے استعفوں کی تیاری شروع ہو گئی۔ سرگودھا سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید نے اسمبلی سے مستفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا استعفی قیادت کو بجھوا دیا۔ اوکاڑہ سے لیگی ایم پی اے افتخار چھچھر نے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی طرف سے اسمبلیوں سے مستفی ہونے کے فیصلہ پر عمل درآمد شروع ہو گیا اور سرگودھا شہر کے حلقہ سے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دیرینہ ساتھی مرحوم رکن اسمبلی و مئیر چوہدری عبدالحمید کے بیٹے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید نے این اے 90 سرگودھا شہر سے مستفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بجھوا دیا۔ جہنوں نے اپنے استفی میں تحریر کیا ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شریف شریف کی ہدایت پر اور اس ملک وقوم کی بہتری کے لئے یہ اب انتہائی نا گزیر ہو چکا ہے۔ اس لئے اس نااہل اور نالائق وزیراعظم کو اب گھر جانا چاہئے۔ میرے ملکی مسائل نہ ہونے بجلی، گیس، ادویات، آٹا، چینی، دالیں، پٹرول، سبزیاں، پھل، مہنگا کرنے، ملک میں بے روز گاری، لا قانونیت بڑھانے پر، میڈیا پر پابندیاں لگانے پر، اپوزیشن پر ناجائز مقدمات بنانے پر، کشمیر کا سودا کرنے پر، اسرائیل کو تسلیم کرنے پر، مرزائیوں کی بجا حمایت کرنے پر، علماء کی تذلیل کرنے پر، غریب کو غریب تر کرنے پر، میں اور میری جماعت کی اعلیٰ قیادت یہ سمجھتی ہے کہ حکومت نااہل اور کرپٹ ہے جو اس ملک وقوم پر بوجھ بن گئی ہے۔ اس لئے اسے گھر جانا چاہئے۔ ان حالات کے پیش نظر میں اپنی نشست حلقہ این اے 90 سرگودھا سے مستفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں میرا جینا مرنا پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے اور  میں اپنی قیادت کے ہر فیصلے کا پابند رہوں گا اور قدم قدم پر میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے ساتھ تھا ساتھ ہوں اور انشاء اللہ ساتھ رہوں گا۔ معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن سے وابستہ  ایم این ایز اپنے استعفے مریم نواز کو پیش کریں گے جو سپیکر کو فی الحال پیش نہیں کئے جائیں گے۔ ترجمان سپیکر قومی اسمبلی  نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو مسلم لیگ ن کے سرگودھا سے ایم این اے چوہدری حامد حمید  کا استعفاٰ موصول نہیں ہوا۔ حامد حمید کا استعفاٰ موصول ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ دوسری طرف اوکاڑہ سے لیگی ایم پی اے افتخار چھچھر نے موجودہ حکومت کو نااہل سلیکٹڈ قرار دیتے ہوئے پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ لیگی رہنما ممبر صوبائی اسمبلی افتخار چھچھر کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے گزشتہ روز اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اشارہ دیا تھا اس لیے پارٹی سی وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے پنجاب سے پہلا ایم پی اے ہوں جس نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ افتخار چھچھر نے اپنا استعفی پارٹی قیادت کو بھجوا دیا۔ افتخار چھچھر نے اپنے آڈیو بیان میں استعفی پارٹی قیادت کو بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میرا استعفی پارٹی کی امانت تھی اب پارٹی جو فیصلہ کرے گی اس پر لبیک کہوں گا۔ افتخار چھچھر کا کہنا تھا کہ موجودہ نااہل قیادت نے پوری قوم کو مایوس کیا ہے۔

مزیدخبریں