لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے اور جعلی وزیراعظم کے گھر جانے کی باری بھی آ گئی ہے۔ عوامی رابطہ مہم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام نے لاہور کے جلسے کا آغاز آج سے کر دیا ہے۔ تابعدار خان کہہ رہے تھے کہ لاہور کا جلسہ نہیں روکوں گا، انہیں پتہ تھا کہ لاہور کا جلسہ نہیں رکے گا۔ جلسہ نہیں روکوں گا مگر کرسیاں نہیں دیں گے۔ داروغہ والے کے کارکنوں کو کرسیوں کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ اگر ملتان میں جلسہ ہو سکتا ہے تو لاہور تو پھر لاہور ہے۔ لاہور نے قوم کو نوازشریف جیسا بیٹا دیا ہے۔ لاہور کے جلسے کو آخر میں اس لیے رکھا گیا کیونکہ یہ فیصلہ کن ہو گا۔ حکومت کو گھر بھجوانے کی ذمہ داری لاہور پر ڈالی ہے۔ 13 دسمبر کو آر یا پار ہو گا۔ لاہور بتا دے گا جعلی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ ہمارے کارکنوں کو جلسے میں کرسیوں کی ضرورت نہیں ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ 13 دسمبر کو جلسہ کامیاب بنائیں گے۔ اب نااہل حکمرانوں کو گھر جانا ہوگا۔ کوئی ہمارا راستہ روکنے کی غلطی نہ کرے۔ لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر نے وزیراعظم کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال کیا۔مریم نواز نے بادامی باغ اور شاہدرہ میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ فاشٹ حکومت کا خاتمہ کرنے کیلئے میدان میں نکلیں۔ 13 تاریخ کو بہت ساری باتیں ہوں گی او ربڑے فیصلے ہوں گے۔ میرے شیر اور شیرنیاں لوگوں کو گھروں سے نکال کر لائیں۔ گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دیں 13 تاریخ کو کوئی ایک دوسرے سے نہ پوچھے سب جلسہ میں پہنچیں۔ لاہوریوں کو جلسہ کی اجازت کیلئے ضرورت نہیں۔ 13دسمبر سے جلسے کی دعوت دینے آئی ہوں۔ لاہور نواز شریف کا تھا اور رہے گا۔ موجودہ حکومت بجلی، گیس، آٹا، چینی، چور ہے، روٹی، آٹا، بجلی اور گیس چور حکومت کو گھر بھجوائیں گے۔ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عوام کیلئے نکلی ہوں۔ جعلی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ نواز شریف نے بہت زخم کھائے لیکن پھر بھی اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔