وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے بڑے پروگرام کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے بڑے پروگرام کی منظوری دے دی۔ جس کے تحت صوبے کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں پنجاب کے تمام اضلاع میں اگلے سال کے آخر تک یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے دو اضلاع میں مکمل ہیلتھ کوریج فراہم کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ علاج معالجے کی سہولت ہر شہری کا بنیادی حق اور حکومت کا فرض ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق انصاف صحت کارڈ ہر شہری تک پہنچائیں گے۔ پنجاب کے ہر شہری کو سات لاکھ بیس ہزار روپے سالانہ ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔