لاہور (نامہ نگار) بادامی باغ کے علاقے میں سکریپ کے گودام میں پٹرول والی ٹینکی کاٹنے کے دوران زور دار دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں دو مزدور جاں بحق ہو گئے جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق بادامی باغ کے علاقے میں النور روڈ پر واقع سکریپ کے گودام میں مزدور پرانی سکریپ سے ایک پٹرول کی ٹینکی کو گیس ویلڈنگ سے کاٹ رہے تھے کہ ٹینکی گیس بھرنے کی وجہ سے زور دار دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں دو مزدور محمد اکرم اور محمد ناصر شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ہسپتال میں دونوں زخمی مزدور محمد اکرم اور محمد ناصر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔