اسلام آباد(نا مہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت اسلام آباد میں تجارت، بیرونی سرمایہ کاری اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان صادق خان ، معاون خصوصی برائے وزیر اعظم ایوب آفریدی، وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کے مشیر، کریم خان، چیئر مین بورڈ آف انویسٹمنٹ، سیکرٹری کامرس اور سیکرٹری انڈسٹریز نے شرکت کی۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد نے کہا کہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے نئی منڈیوں کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیائی ریاستیں بڑی تجارتی منڈی ہیں، وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی کے لیے کے پی کے، افغانستان گیٹ وے کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش ضروری ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں بچوں کی بہتری کیلئے قانون سازی ہو رہی ہے، سول سوسائٹی کا کام معاشرے میں اہمیت کا حامل ہے، ہم سول سوسائٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ڈی آر آئی نیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ جمہوریت کو کامیابی سے پروان چڑھتا ہوا دیکھنا چاہتی ہے۔ اسلام آباد میں بچوں کے تعلیم کے ساتھ شیلٹر ہومز بھی بنائے جارہے ہیں،قومی اسمبلی میں ایک کمیٹی بنائی گئی جو اس پر کام کر رہی ہے، کمیٹی میں تمام پارٹیوں کی نمائندگی ہے۔