حافظ آباد(نمائندہ خصوصی، نامہ نگار)حافظ آباد پولیس نے ماہ نومبرکے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے چوری ،ڈکیتی ،راہزنی،موٹر سائیکل چوری جیسے سنگین جرائم میں ملوث2گینگز سمیت 419جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق گرفتار کئے جانے والے ملزموں کے قبضہ سے 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔ اشتہاری مجرمان کے خلاف چلائی جانے والی خصوصی مہم کے نتیجہ میں اے کیٹیگری کے21 خطرناک اشتہاری مجرموں سمیت85 اشتہاری گرفتار کئے گئے ہیں۔ ٹارگٹڈ آپریشن کے نتیجہ میں49 منشیات فروش گرفتار کر کے5 کلو 895 گرام ہیروئن،9کلو966 گرام چرس،136بوتل شراب،42 لیٹر لہن اور3 چالو بھٹیاں شراب قبضے میں لے لی گئی ۔لیکن دوسری جانب پولیس ریلوے روڈ پر لاکھوں روپے ڈکیتی کے ملزموں کا تاحال نہ تو سراغ لگاسکی ہے اور نہ ہی کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں آسکی ہے جس پر ڈرگسٹ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے سخت تشویش کااظہا ر کیا ہے۔