جدہ‘ اسلام آباد (امیر محمد خان سے+ خصوصی نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار اور ڈی جی او آئی سی فرخ اقبال نے بریفنگ دیتے ہو ئے کہا 41 سال بعد پاکستان ایک دفعہ پھر افغانستان پر او آئی سی وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ کانفرنس کا مقصد افغانستان میں کسی طرح کا انسانی المیہ رونما ہونے سے قبل اسے روکنے کیلئے اقدامات کرنا ہے۔ اگر افغانستان کو فوری امداد نہ پہنچائی گئی اوراس کے وسائل منجمد رہے تو وہاں ایک معاشی بحران بھی جنم لے سکتا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس 19دسمبر کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔ افغانستان کا اعلیٰ سطح وفد بھی پاکستان آئے گا۔ او آئی سی سیکرٹریٹ کے آفیشلز14دسمبر تک اسلام آباد پہنچ کر او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ یہ بات او آئی سی میں پاکستان کے مستقل سفیر رضوان سعید شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہی۔ افغانستان میں صورتحال بگڑ رہی ہے۔ تین کروڑ کی آبادی میں سے 60 فیصد بھوک کا شکار ہیں۔ سردی بڑھ گئی ہے بچے اور خواتین اس صورتحال سے پریشان ہیں۔ خطرہ ہے پریشان افغان آبادی نقل مکانی کرے جو پڑوسی ممالک میں بھی مسئلہ پیدا کرے گا۔
41 برس بعد پاکستان افغانستان پر او آئی سی اجلاس کی میزبانی کرے گا
Dec 08, 2021