چکی آٹا دودھ سہی، دالیں ، چاول مہنگے، روٹی ،12نان 18روپے کا کرنے کی تجویز

لا ہور (کامرس رپورٹر) لاہور میں آٹا چکی مالکان نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت مسلسل 2600روپے کی سطح پر برقرار رہنے  کے باعث ایک کلو چکی سے تیار کردہ آٹے کی قیمت میں3روپے اضافہ کر دیا ہے جس سے اس کی قیمت 85روپے سے بڑھ کر 88روپے ہو گئی ہے۔ آٹا چکی مالکان کی جانب سے جاری کئے جانے والے نئے نرخ نامے کے مطابق چکی سے تیار کردہ آٹے کی نئی قیمت کا اطلاق 7دسمبر (منگل) سے ہو گیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں مختلف دالوں اور چاول کی قیمتوں  میں10 روپے سے 40 روپے فی کلو تک کا اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ لاہور نے ایک کلو دودھ اور دہی کی قیمت میں 15روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ دال چنا کے ریٹ  دس روپے  اضافہ سے بڑھ کر 150 روپے کلو ہوگیا۔ دال ماش کے ریٹ میں 40 روپے کا اضافہ، ریٹ 270 روپے کلو ہو گیا۔ دال مونگ کا ریٹ 130 روپے سے بڑھ کر 170 روپے کلو ہوگیا۔ کالے چنے کا ریٹ میں دس روپے اضافے سے 150روپے کلو ہوگیا۔ دال مسور کے ریٹ میں 30 روپے کا اضافہ، ریٹ 170 روپے سے بڑھ کر 200 روپے کلو ہوگیا۔ ثابت مسر کا ریٹ کا 40 روپے اضافہ سے 200 روپے کلو ہوگئے۔ سفید چنے بھی 26 روپے اضافہ سے 196 روپے کلو ہوگئے۔ چاول کا ریٹ بھی 115 سے بڑھ کر 135 روپے کلو ہوگئے۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لاہور نے ایک کلو دودھ  اور دہی کی قیمت میں 15روپے کا اضافہ کر دیا ہے جس سے ایک کلو دودھ کی قیمت 100روپے سے بڑھ کر 115روپے اور ایک کلو دہی کی قیمت 120روپے سے بڑھ کر 135روپے ہو گئی ہے۔ دریں اثنا متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں اضافہ پر روٹی کا نرخ بڑھانے کے لئے آج لاہور میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں سادہ روٹی10 روپے سے  بڑھا کر 12  روپے اور نان کی قیمت  15 روپے سے بڑھا کر 18 روپے کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن  کے صدر آفتاب اسلم گل نے کہا ہے کہ آٹے کا تھیلہ 860 سے بڑھ کر 1100 روپے ہو گیا ہے۔ جبکہ آٹا بوری 4800سے 6000 روپے ہو گئی۔ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہو چکی ہے اور  ہم مہنگی ایل پی جی اور لکڑی جلا کر  موجودہ قیمت پر نان اور روٹی نہیں بیچ سکتے۔ اس لئے آج ایسوسی ایشن کے اجلاس میں سادہ روٹی10 روپے سے  بڑھا کر 12  روپے اور نان کی قیمت  15 روپے سے بڑھا کر 18 روپے کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن