اسلام آباد ( خبر نگار +نوائے وقت رپورٹ) پی ڈی ایم نے مہنگائی مارچ سے قبل چاروں صوبوں میں کنونشن، جلسے اور سیمینار کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ڈی ایم سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں مہنگائی مارچ کے حوالے سے حکمت عملی پر غور ہوا۔ حافظ حمد اللہ نے کہا کہ چاروں صوبوں سے کیسے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے؟ عوام کو اکٹھا کرنے کے امور، انتظامات کے طریق کار، نوعیت اور شکل کیا ہوگی اس پر غور ہوا۔ جبکہ چاروں صوبوں میں ورکرز کنونشن ہونگے البتہ تاریخوں کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔ شہباز شریف پنجاب میں پی ڈی ایم کا اجلاس طلب کریں گے اور تاریخ بتائیں گے، کراچی میں بھی کنونشن ہوگا اور اویس نورانی اجلاس بلائیں گے۔ 23مارچ کو ہم نے اسلام آباد پہنچنا ہے۔ حکومت میں جھوٹے ترجمانوں کا جھوٹا ٹولہ ہے۔ 23مارچ قومی دن ہے توکیا ہم کوئی علیحدہ قوم ہیں۔ لاکھوں لوگ مہنگائی مارچ میں شریک ہوں گے۔ پہلے مارچ کا فیصلہ جمعیت علماء اسلام کا تھا اب پوری پی ڈی ایم کا فیصلہ ہے۔ پرانا اور قائداعظم کا پاکستان کہیں نظرنہیں آرہا۔ تمام بحرانوں کا حل سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ ہے۔ ملک میں جلد ازجلد شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔ آئین کے مطابق مقننہ اور اسٹیبلشمنٹ کام کریں گے تو ملک مستحکم ہوگا۔ قوم چاہتی ہے موجودہ سلیکٹڈ حکومت گھر جائے۔ امن و امان کی صورتحال خراب ہوچکی ہے، ملک کی معیشت تباہ ہوچکی، عمران خان کی صورت میں قوم کو کرونا سے خطرناک بیماری لگی ہوئی ہے اور یہ حکومت ایک خطرناک بیماری سے کم نہیں ہے۔ بحرانوں کا حل ایک ہی ہے‘ موجودہ مسلط کردہ حکومت کا خاتمہ ہو جائے۔ مہنگائی مارچ کے طریقہ کار کو سٹیئرنگ کمیٹی وضع کرے گی۔ ہم اسی قوم سے تعلق رکھتے ہیں‘ اسی قومی دن کو جس کو یوم جمہوریہ کا نام دے سکتے ہیں‘ جمہوریت کے لئے لاکھوں لوگ آئیں گے۔ اس ملک میں نہ آئین ہے اور نہ اس ملک میں جمہوریت ہے اور نہ ہی سیاست ہے۔ 23 مارچ کا دن اسی لئے رکھا گیا کہ ہم حقیقی جمہوریت اور آئین کی عملداری چاہتے ہیں۔ پارلیمنٹ کو سپریم دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ 23 مارچ کی قرارداد مقاصد کی روح ہے اور اس کے مطابق موجودہ حکومت اور سیاست اس سے ہٹ چکی ہے۔ یہاں پہنچنے کے بعد فیصلہ ہو گا کہ ہم کتنے دن رہیں گے اور کب واپس جائیں گے۔
مہنگائی مارچ سے پہلے کنونشن ، جلسے ، سیمینار : پی ڈی ایم سیٹئر نگ کمیٹی
Dec 08, 2021