لاہور (سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ میں ’’ خود نوشت، ایک جائزہ‘‘ کے عنوان سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مہمان مقرر روزنامہ نوائے وقت لاہور کے چیف نیوزایڈیٹر دلاور چوہدری تھے۔ جنہوں نے اساتذہ اور طلبا و طالبات کو اپنے خطاب میں ترغیب دی کہ ان شخصیات کی خود نوشت کا ضرور مطالعہ کریں جنہوں نے نامساعد حالات کے باوجود صرف محنت کے بل بوتے پر زندگی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ یہ وہ لوگ تھے جو کبھی مایوس اور نا امید نہیں ہوئے اور اپنی مسلسل جدوجہد سے اپنی منزل حاصل کی۔ دلاور چوہدری نے ادب، بیورو کریسی، سیاست، فنون لطیفہ، سائنس اور اسی طرح مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی عظیم شخصیات کی خود نوشت کا جائزہ لیااور طلبا و طالبات کے سوالات کے جوابات دئیے۔ پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ نے مہمان مقرر کو آخر میں کتب کے تحائف دئیے اور ان کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔