محکمے کا وقار مجروح کرنیوالے افسریا اہلکار فارغ ہونگے:رائو سردار علی خان

لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب پولیس راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ شہریوں کی شکایات اور مسائل کے باآسانی حل کیلئے سپر وائزری افسر اپنے اضلا ع میں باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں۔ شہریوں کے مسائل سننے میں دلچسپی نہ لینے والوں کو فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹا یا جائے گا۔ سپروائزر ی افسر اپنے اضلاع کے تھانوں اور دیگرپولیس دفاتر کی انسپکشنز میں تیزی لائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ اگر کسی جگہ کرپشن یا رشوت ستانی کا واقعہ سامنے آیا تو سخت ایکشن لیتے ہوئے قصور وار وں کو محکمہ سے نکال باہر کیا جائے گا۔میرا پیغام واضح ہے جس افسر یا اہلکار نے محکمہ کے وقار کو مجروح کیا اسے محکمہ میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں اگر کسی جگہ سے ایف آئی آر میں تاخیر کی شکایت سامنے آئی تو ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری میں شہریوں کی درخواستوں پر ایکشن لیتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے مختلف شہروں سے آنے والے شہریوں کے مسائل سن کر فوری احکامات جاری کیے۔ راؤ سردار علی خان نے شہریوں کی درخواستوں پر مختلف آر پی اوز اور ڈ ی پی اوز کو ذاتی طور پر شنوائی کی ہدایات جاری کیں۔ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اور معاشرے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا پولیس کا بنیادی فرض ہے جس میں کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔علاوہ ازیں آئی جی پنجاب سے گولڈ تاجران کی 2 ایسوسی ایشنزکے 7رکنی وفدکی سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔

ای پیپر دی نیشن