ووٹ کی طاقت ملک میں انقلاب لاسکتی ہے

Dec 08, 2021

حیدرآباد/سکھر/کوٹری/نوابشاہ /بدین (نامہ نگاران)ووٹرز کے قومی دن کے موقع پر  مختلف شہروں میں اجتماعات ہوئے اور شعور کی آگاہی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں‘ تفصیلات کے مطابق کوٹری میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفس سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جامشورو عبدالقادر کی سربراہی میں ریلی نکالی گئی جس میں ڈائریکٹر پاکستان اسٹیڈیز سینٹر جامشورو پروفیسر شجاع مہیسر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عرس خاصخیلی سابق الیکشن آفیسر تنویر احمد سمیت دیگر افراد بھی شامل تھے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جامشورو عبدالقادر نے کہا کہ ووٹرز کے قومی دن پر ریلی نکالنے کا مقصد عوام میں آگاہی دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے سے معاشرے میں بہتری لائی جاسکتی ہے عوام ووٹ سے بہتر قیادت کا چناؤ کرکے اپنے مسائل کو حل کرانے میں پیش رفت کرسکتے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹ کی اہمیت سے متعلق آگاہی مہم اور ووٹ کے اندراج  میں حصہ لیکر قومی فریضہ ادا کریں۔ٹنڈومحمدخان  سے نامہ نگار کے مطابق ملک بھر کی طرح ٹنڈو محمد خان میں بھی ووٹرز  کا قومی دن منایا گیا۔ ووٹرز کے قومی دن کے حوالے سے ضلعی الیکشن کمشنر آفس میں سیمینار منعقد کرکے ریلی نکالی گئی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس میں منعقدہ سیمینار کے دوران ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹنڈو محمد خان احمد ندیم شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان محمد حنیف پتافی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حاجی محمد اشرف میمن، ڈی ایس پی ٹنڈو محمد خان عبدالقادر میمن اور دیگر نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹنڈو محمد خان احمد ندیم شیخ نے کہا کہ ووٹ ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے لیکن ووٹ کی طاقت اور اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں میں لوگ ووٹ ڈالنے کی اہمیت اور اپنے ووٹ کے اندراج سے ناواقف ہیں جس کے لیے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس عوام کو ووٹ کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے مختلف آگاہی مہم چلا رہا ہے  ۔سیمینار سے غلام علی شاہ، عاشق علی بھٹو، علی نواز لوند، نینو رام اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تاہم سیمینار کے بعد ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس سے سیرت النبی چوک ٹنڈو محمد خان تک  ریلی نکالی گئی۔ مٹھی سے نامہ نگار کے مطابق  ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس تھرپارکر کی جانب سے مٹھی میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تھرپارکر سلیم الدین دل ، اسسٹنٹ کمشنر یو ٹی منصور عباسی کی قیادت میں کشمیر چوک سے مٹھی پریس کلب تک قومی رائے دہی دن کے حوالے سے آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء  سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سلیم الدین دل، اسٹنٹ کمشنر منصور عباسی، ڈسٹرکٹ ووٹر ز ایجوکیشن کمیٹی کے ممبر نظام الدین سموں، سریش کمار اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے ہی ملک کی تقدیر بدلائی جا سکتی ہے کیونکہ ووٹ سے ہی منتخب ہونے والے اراکین اسمبلیوں میں قانون سازی کر کے عوام کے بنیادی حقوق کی بات کرتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ووٹ کے صحیح استعمال کیا جائے۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن آفس تھرپارکر کی جانب سے گورنمنٹ صادق فقیر بوائز ڈگری کالج مٹھی اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج مٹھی میں ووٹ کی اہمیت، ووٹ کا اندراج کروانے کے متعلق آگاہی پروگرام منعقد کئے گئے جس میں پی پی ضلع تھرپارکر کے صدر و سینیٹر انجنئیر گیانچند، پرنسل گرلز ڈگری کالج رادھو مل،  پرنسل گورنمنٹ صادق فقیر بوائز ڈگری کالج کیلاش واسو، الیکشن آفیسر عبدالغنی ہالیپوٹو، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال مٹھی  ڈاکٹر بخت علی جتوئی، مختیار کار مٹھی غلام مصطفی کھوسو، پی پی عہدیدار آدم ہنگورجو، قربان علی شاہ، الیکشن کمیشن آفس تھرپارکر کے اسٹنٹ سریشن کمار اور زندگی کی ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آگاہی پروگرام میں کالج کے طلبہ و طالبات کی جانب سے ووٹ کی اہمیت، ووٹ کے اندراج کے متعلق تقاریر پیش کی گئیں۔ بعد اذاں ان میں شیلڈ تقسیم کئے گئے۔سکھر سے بیورو رپورٹ کے مطابق قومی ووٹ دن کے موقع پر ریجنل الیکشن کمیشن آفس سکھر کی جانب سے تقریب ریجنل الیکشن کمیشن کے دفتر میں منعقد کی گئی تقریب میں مہمان خاص ریجنل ڈائریکٹر الیکشن کمشنر سکھر وسیم اختر تھے جبکہ اعزازی مہمانوں میں سابق ڈپٹی میئر سکھر طارق چوہان، شفیق احمد پیرزادو، مکھی ایشور لال، نادرا ریجنل ڈائریکٹر امتیاز شاہ، ڈی ڈی سوشل ویلفیئر سید نصیر حسین شاہ ، مولانا محمد صالح انڈھڑ، ربنواز کلوڑ، مرتضیٰ گھانگھرو، غزالہ انجم ایڈوکیٹ، کاشف قاضی، الیکشن آفسیر یاسر علی، صدر الدین اور دیگر تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل الیکشن کمشنر سکھر وسیم اختر نے کہا کہ ووٹ کا حق استعمال کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے تاکہ ووٹ کے استعمال سے ملک میں تبدیلی لائی جائے اور ملک، صوبے، شہروں کی ترقی و، خوشحالی سمیت ترقیاتی کاموں، بنیادی سہولیات کی میسری کے لیے اپنا کردار ادا کیا جائے۔ شرکاء تقریب سے اپیل کہ وہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے عملے سے بھرپور تعاون کریں۔ہالانی سے نامہ نگار کے مطابق ووٹ دینا محض ایک ضرورت ہی نہیں بلکہ ہر شہری کا اولین قومی فریضہ بھی ہے اپنے حلقے مین بہترین امیدوار کو ووٹ دیکر منتخب کرنا آپ سب کی قومی ذمہ داری ہے گورنمنٹ مدرسہ ہائی اسکول نوشہروفیروز میں بھی ووٹرز کے قومی دن کے مناسبت سے منعقد ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم کا مزید کہنا تھا کہ آپ کا منتخب کردہ نمائندہ آپ کی زندگیوں پر سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والے مسائل کو حل کراسکے۔پڈعیدن  سے نامہ نگار کے مطابق گورنمنٹ مدرسہ ہائی اسکول نوشہروفیروز میں بھی ووٹرز کے قومی دن کی مناسبت سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔اس سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم نے کہا کہ ووٹ دینا محض ایک ضرورت ہی نہیں بلکہ ہر شہری کا اولین قومی  فریضہ  بھی ہے اپنے حلقے مین بہترین امیدوار کو ووٹ دیکر منتخب کرناآپ سب کی قومی ذمہ داری ہے تاکہ آپ کا منتخب کردہ نمائندہ آپ کی زندگیوں پر سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والے مسائل کو حل کراسکے۔ اس موقع پر الیکشن کمشنر نیاز احمد‘ ایڈیشنل  ڈپٹی کمشنر سید عمار حسین، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسر حسن جان چنگیزی اور دیگر مقررین نے ووٹ کی اہمیت کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ سیمینار کے اختتام پر گورنمنٹ مدرسہ ہائی اسکول سے پریس کلب نوشہروفیروز تک ریلی نکالی گئی جس میں ضلع کے مختلف محکموں کے افسران ، اساتذہ اور طالباء  نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔بدین سے نامہ نگار کے مطابق  ڈسٹرکٹ الیکشن افسر بدین اظہر حسین ٹانوری نے ہائی اسکول بدین منعقد سیمینار اور واک کے شرکاء  سے خطاب کرتے ہوئے کہا قومی ووٹرز ڈے منانے کا مقصد عوام کو جمہوری اور قومی ذمہ داری سے روشناس کرانا ہے انہوں نے کہا کہ ہم آزاد منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے کوشاں ہیں جس کے لئے عملی اقدام کر رہے ہیں. اس موقع پر انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کا ہر شہری باالخصوص خواجہ سرا معذور افراد شناختی کارڈ بنوا کر ووٹ کے اندراج کو یقینی بناتے ہوئے جاری مہم کو کامیاب بنائیں۔ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈاریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسو نے کہا کہ جمہوری نظام کی مضبوطی میں ووٹ بنیادی اہمیت کاحامل ہے ۔سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ افسر ایجوکیشن ممتاز نوتکانی محمد اسلم پٹھان فوکل پرسن محکمہ ایجوکیشن محمد خان سموں الیکشن افسر مشتاق علی مستوئی نثار احمد خاصخیلی اور دیگر نے اپنے خطاب میں کیا۔ ووٹرز کے قومی دن کے موقع پر خواتین کی نمائندہ معروف تنظیم سورمی ویلفئیر کے آفس میں منعقد مزاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے خواتین رہنما عابدہ ماروی سابق رکن ضلع کونسل خورشید میمن پارس شاہ نجمہ انصاری بختاور جمالی  اور دیگر نے کہا پاکستان ووٹ کی طاقت سے ہی ووجود میں آیا تھا پر افسوس ہم نے کبھی ووٹ کی اہمیت کو سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کی۔میرپور ماتھیلو سے نامہ نگارکے مطابق  ڈسٹر کٹ الیکشن کمشنر گھوٹکی کی جانب سے  ایک سیمینار گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ہال گھوٹکی میں منعقد کیا گیا، جس میں محمد عمران شیخ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گھوٹکی، عبد الماجد الیکشن آفیسر ، ظفر الر حمن اعوان ( اسسٹنٹ ڈائر یکٹر زون نادرا)، سردار احمد گڈانی ڈپٹی ڈائریکٹر  سوشل ویلفیئر، نور محمد انڈھڑ تعلقہ ایجو کیشن آفیسر سیکنڈری گھوٹکی، کامریڈ ک ککورام (اقلیتی پریزیڈنٹ پی پی پی )، محمد قاسم کھہاوڑ (جنرل سیکریٹری جے یو آئی)، رفیق احمد منگی ( پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز )، محمد حسن چاچڑ ( پی ٹی آئی ، نصیر احمد کھاوڑ (چیئر مین معزور کمیٹی) اور ڈسٹر کٹ ووٹر ایجو کیشن کمیٹی ممبران اور دیگر نے شرکت کی ۔خیرپور سے نامہ نگار کے مطابق  قومی ووٹرز ڈے کے حوالے سے ریلی ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ظہیر احمد سہتو کی قیادت  میں سوک سینٹر سے خیرپور پریس کلب تک  نکالی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ظہیر احمد سہتو نے شہریوں اور طلباء  سے خطاب کیا اور مستقبل کے معماروں کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری گھر گھر تصدیقی مہم کے مراحل، ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے عمل کے بارے میں بتایا۔   مختلف این جی اوز کے نمائندے، محکمہ سوشل ویلفیئر، روٹیرین شجاع الحسن، ڈس ایبلز این جی او کے رہنما علی انصر اور دیگر بھی موجود تھے۔میرپورخاص سے بیورورپورٹ کے مطابق  ووٹ دینا ہر ووٹر کا بنیادی حق ہے ووٹ کا استعمال عوام کی طاقت ہے اس کا  درست استعمال کر کے منتخب نمائندگان سے آپ اپنے مسائل حل کروا سکتے ہیں اس امر کا اظہار ڈپٹی کمشنر سلامت علی میمن نے ووٹر ڈے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کے منعقد سیمینار میں سول سوسائٹی اور فلاحی تنظیم کے نمائندوں کو زیادہ سے زیادہ شامل کیا جائے تاکہ لوگوں تک پیغام رسائی کے عمل کو جاری رکھاجا سکے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر روشن علی مستوئی نے کہا کے کوئی بھی ریاست  اپنے شہریوں کے بغیر ریاست نہیں بنا سکتی اپنے حلقے میں بہترین  امیدوار کو ووٹ دے کر منتخب کرنا آپکی قومی ذمہ داری ہے تاکہ آپ کا منتخب کردہ نمائندہ آپ کی زندگیوں پر سب سے زیادہ اثر انداز ہو نے والے مسائل کو حل کرائیں۔اس موقع پر ریجنل انچارج نادرا داود خان نے کہا کے والدین کو اپنے بچوں کے ب فارم کے زریعے وقت پر رجسٹریشن کرانی  چاہئے۔  اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر پرائمری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فوزیہ میمن، سول سوسائٹی ایکٹیوسٹ محمد بخش کپری، شہزادوملک، ڈپٹی ڈی او ایجوکیشن عبدالشاھد سمیت دیگرنے بھی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تقریب کے بعد بلدیہ کمپلیکس سے میرپروخاص پریس کلب تک ڈپٹی کمشنر سلامت علی میمن کی قیادت میں آگاہی ریلی نکالی گئی۔نواب شاہ  سے  نامہ  نگار کے مطابق ملک بھر کی طرح شہید بینظیرآباد میں بھی  ووٹرز کا قومی دن منایا گیا اس سلسلے میں ریجنل الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد پرویز احمد کلوڑ اور ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور کی قیادت میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفیس نواب شاہ سے شیراز چوک تک ریلی کا نکالی گئی جس میں ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غلام عباس گوراہو، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مسلم فاروق، فرحانہ ناز صدیقی، خالدہ عمر آرائیں، شبانہ ناز صدیقی، اویس قریشی، کلیم جٹ، مسرور میمن سمیت دیگر کمیٹی ممبران، ضلع افسران، سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزیدخبریں