او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس 19دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا

او آئی سی اجلاس کا متوقع شیڈول تبدیل کردیا گیا۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس 19 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق او آئی سی اجلاس کی متوقع تاریخ بدل دی گئی۔ قبل ازیں وزرائے خارجہ اجلاس کے انعقاد کی تاریخ 17 دسمبر رکھی گئی تھی جو 19 دسمبر کردی گئی۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان او آئی سی اجلاس کی میزبانی کے فرائض انجام دےگا۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ اس کا مقصد افغانستان میں انسانی بحران آنے سے قبل ضروری اقدامات کرنا ہے۔ ہم نے کانفرنس میں سلامتی کونسل کے مستقل اراکین کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔نیوز کانفرنس کے دوران ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے کانفرنس میں شرکت کیلئے ورلڈ بینک سمیت دیگر عالمی مالیاتی اداروں کو بھی شریک ہونے کی دعوت دی۔ پاکستان افغانستان میں قیامِ امن کیلئے عالمی برادری سے تعاون کا خواہاں ہے۔ 
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے ہمسایہ اسلامی ملک افغانستان کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج افغان بھائیوں کو ہماری پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔
 وزیرِ خارجہ نے نومبر کے دوران او آئی سی اجلاس کی میزبانی سے متعلق ویڈیو بیان جاری کردیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم 17 دسمبر کو اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کرتے ہیں، یقین ہے کہ رکن ممالک توثیق کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن